Baseerat Online News Portal

واشنگٹن:ایک امریکی فوجی نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنےخود کو آگ لگا لی

بصیرت نیوزڈیسک
امریکی حکام کا کہنا ہے 25 فروری اتوار کی سہ پہر کو واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر امریکی فضائیہ کے ایک حاضر سروس ملازم نے خود کو آگ لگا لی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد حکام نے اس شخص کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
امریکی فضائیہ کے ایک ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں ان کا ایک حاضر سروس ڈیوٹی ایئر مین شامل ہے، تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف نے امریکی میڈیا کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اس شخص نے بظاہر خود سوزی کے عمل کو ٹویچ نامی سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کرنے کی بھی کوشش کی۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شہر کے انٹرنیشنل ڈرائیو، 3500 نارتھ ویسٹ علاقے میں تقریبا ایک بجے پیش آیا۔ بیان کے مطابق ”اس بلاک میں واقع ایک سفارتخانے کے سامنے ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی، جس کے بعد خفیہ سروس کی مدد کے لیے پولیس افسران کو وہاں روانہ کیا گیا۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک ”بالغ مرد” کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں، وہ ”تشویشناک حالت میں ” ہے۔
اسرائیلی سفارت خانے کے ترجمان نے امریکی میڈیا ادارے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ اس واقعے میں سفارت خانے کے عملے کا کوئی بھی رکن زخمی نہیں ہوا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس شخص کی سفارت خانے کے عملے سے کوئی واقفیت بھی نہیں تھی۔
مقامی پولیس اور خفیہ سروس کے حکام مشترکہ طور پر اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اسرائیل کے سفارت خانے کے سامنے مسلسل احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے امریکہ میں فلسطینیوں کی حمایت کے ساتھ ہی اسرائیل کے حق میں بھی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی نے امریکہ میں اسرائیلی سفارتی مشن کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی ہو۔ گزشتہ دسمبر میں بھی امریکی ریاست جارجیا میں اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کرنے والے ایک شخص نے خود کو آگ لگا لی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس موقع پر خود سوزی کے لیے متاثرہ شخص نے پیٹرول کا استعمال کیا تھا اور جائے وقوعہ سے ایک فلسطینی پرچم بھی ملا تھا۔

Comments are closed.