سائبر سیل نے متاثرہ نوجوان کی رقم واپس کرائی

کاروبار کا لالچ دیکر نوجوان سے دو لاکھ روپے سے زائد کی فریب دہی
دیوبند، 4؍مارچ (سمیر چودھری؍بی این ایس)
دیوبند میں کاروبار میں پیسہ لگانے کے نام پر دو لاکھ سے زائد رقم کی فریب دہی کا شکار ہونے والے شخص کو پولیس سائبر سیل کی جانب سے ایک لاکھ سے زائد کی رقم واپس کرائی گئی ہے۔ فریب دہی کے ذریعہ اپنی کھوئی ہوئی رقم واپس پاکر متاثر شخص بہت زیادہ خوش ہے۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ 4فروری کو دیوبند کی ایک قریبی بستی نور پور کا باشندہ وکاس کشواہا ولد ستیہ نارائن کشواہا سے ایک نامعلوم شخص نے کاروبار میں پیسہ لگانے کے نام پر 241851روپے کی فریب دہی کی تھی۔ وکاس کشواہا کو جب اس بات کا پتہ چلا کہ اس کی اتنی بڑی رقم دھوکہ بازوں نے ٹھگ لی ہے تو اس کے ہوش و حواس گم ہو گئے، بعد ازاں وکاس کشواہا نے دیوبند کے سائبر سیل سے شکایت کرتے ہوئے پورا قصہ بیان کیا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے وکاس کشواہا کی رقم سے ایک لاکھ 77ہزار روپے کی رقم جو آسام کے آئی سی آئی سی آئی بینک میں بھیجی جاچکی تھی اس کو سیز کرا دیا۔ سائبر سیل کی مدد سے عدالت کے حکم کے بعد مذکورہ رقم وکاس کشواہا کے بینک کھاتہ میں واپس آگئی۔ وکاس کشواہا کا کہنا ہے کہ فریب دہی کے ذریعہ اس کی دو لاکھ سے زائد رقم میں سے ایک لاکھ 77ہزار روپے کی رقم اس کے کھاتہ میں آ جانے کے بعد وہ خوش اور اس کے اہل خانہ نے سکون کی سانس لی ہے۔ سائبر سیل کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی انجان شخص کی باتوں میں آکر کسی بھی قسم کا لین دین نہ کریں؛ تاکہ دھوکہ بازی سے بچا جا سکے۔
Comments are closed.