”جذبہ عبادت کو ماند کرنے والی بحثوں سے بچ کر رمضان کی ساعتوں سے فائدہ اٹھائیں“

جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام ’ائمہ اربعہ عشرہ‘ کے اجلاس جاری
کانپور:۔ جمعیۃ علماء شہر و مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر نگرانی جاری ’ائمہ اربعہ عشرہ و رمضان کیسے گزاریں‘ کے تحت روشن نگر، بکرمنڈی میں اجلاس منعقد ہوئے۔ جس میں علمائے کرام نے رمضان کی فضیلت کو بیان کرنے کے ساتھ ہی دینی تعلیمات کے حوالہ پھیلائی جا رہی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا۔ مدینہ مسجد روشن نگر میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے فاضل نوجوان مولانا محمد حذیفہ قاسمی نے کہا کہ امت محمدیہ ؐکو اللہ نے فقہاء عطاء فرمائے جو کہ پچھلی امتوں میں اس طرح کا نظام نھیں تھا۔ فقہاء بہت سارے ہوئے لیکن خاص کر چار فقہاء امام اعظم ابو حنیفہ،ؒ امام مالکؒ، امام شافعیؒ اور امام احمد ابن حنبلؒ کا مسلک اصولا و فروعا مدون ہوکر انکے ماننے والے تک پہنچا، اس لئے ان چاروں کی تقلید عام طور پر کی جاتی ہے۔
مولانا نے کہا کہ یہ ائمہ امت کے بہت بڑے محسن ہیں۔ مولانا نے اس موقع پر قرآن کی مختلف آیتوں سے اسے ثابت کرتے ہوئے کہاکہ حضرات فقہائے کرام ؒکی بہت ساری خدمات دین کے حوالہ سے رہی ہیں اللہ سے دعا ہے کہ اللہ اپنی شایان شان انھیں اجر جزیل عطا فرمائے۔ آخر میں مولانا نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک آنے والا ہے، اس مہینہ میں عام مہینوں کے مقابلہ عوام کا دل عبادت میں زیادہ لگتا ہے، لیکن عین اس موقع پر کچھ لوگ ایسے ہیں بھی ہیں جواپنی گمراہ کن باتوں سے ترک رفع یدین، آمین بالجہر، قرأت خلف، ہاتھ باندھنے جیسے مسائل پر گفتگو کرکے ہماری کم علمی کا فائدہ اٹھا کر ٹکراؤ کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایسے میں ہمیں چاہئے کہ ہم جذبہ عبادت کو ماند کرنے والی بحثوں سے بچ کر دین و عقائد کے معاملہ میں ہر وقت بیدار رہیں اور رمضان کی مبارک ساعتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ جن مسائل کا علم نہ ہو، مستند علماء سے دریافت کریں، بے بحث و مباحثہ میں پڑ کر وقت ضائع نہ کریں،ہر حال میں عقائد کی حفاظت کریں۔
مدرسہ جامعہ رحمت بکرمنڈی میں شہری نائب صدر مولانا محمد انیس خاں قاسمی کی صدارت میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قاری محمد آصف ثاقبی نے قرآن وحدیث کی روشنی میں دلیل کے ساتھ بتایا کہ تراویح20/رکعت ہی ہے، 8/رکعت نہیں۔ جو لوگ تراویح کی رکعتوں کو کم کرنے کی بات کرتے ہیں انہیں اپنے مطالعہ میں اضافہ کرکے حقائق سے روبرو ہونا چاہئے۔ ہم اس عظمت والے مہینے میں بیجا باتوں سے پرہیز کریں، عبادت کرکے اپنے اللہ کو راضی اور خوش کرنے کی کوشش کریں۔ اس موقع پر جامعہ رحمت میں زیر تعلیم بچوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو انعام و اکرام سے بھی نوازا گیا۔ قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی کی دعاء پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر خاص طور پر محکمہ شرعیہ دار القضاء کانپور کے صدر مفتی عبد الرشید قاسمی، مولانا ظفر عالم ندوی، مولانا محمدشکیل، مولانا توحید، حافظ محمد احمد، کے علاوہ علاقائی عوام موجود تھے۔ مولانا قناعت اللہ مظاہری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.