صفاء ٹیلرنگ سنٹرس ناندیڑ میں اسناد کی تقسیم،40؍ طالبات نے سندِ فراغت حاصل کی

ناندیڑ:3؍مارچ ( منور خان؍بی این ایس) صفا بیت المال ناندیڑ کے زیر اہتمام شہر ناندیڑ میں گزشتہ 10 سالوں سے ٹیلرنگ کی تربیت کے مراکز چلائے جارہے ہیں۔ شہر ناندیڑ کی مختلف غریب بستیوں جیسے عیدگاہ روڈ ٹائر بورڈ، ہلال نگر، فاروق نگر، دولہے شاہ رحمن نگر، برکت پورہ اور قدوائی نگر میں یہ مراکز قائم کئے جاچکے ہیں۔ ان ٹیلرنگ سنٹرز کے قیام کا مقصد مسلم بچیوں اور خواتین کو خود کفیل اور ہنرمند بنانا ہے۔ اب تک الحمدللہ ان مراکز سے 200 سے زائد بچیاں اور خواتین ٹیلرنگ کی تربیت حاصل کرچکی ہیں۔ آج صفا بیت المال کی جانب سے قدوائی نگر علاقے میں جاری ٹیلرنگ سینٹر سے 40 طالبات نے تربیت مکمل کی۔ اس ضمن میں آج ایک مختصر سی تقریب میں علماء کرام کے ہاتھوں ان طالبات میں سند فراغت تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر حضرت مولانا محمد طیب صاحب ندوی، مولانا مفتی محمد ابراہیم صاحب قاسمی، مولانا محمد صدیق صاحب ندوی، حافظ محمد اسلم خان بھی موجود تھے۔ آئندہ چند دنوں بعد شروع ہونے جارہے ماہِ رمضان کے موقع پر صفا بیت المال کی سماجی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی تعاون کی اپیل علماء کرام نے کی۔

Comments are closed.