دہلی: اندرلوک میں نمازیوں کو لات مارنے والا پولیس اہلکار معطل،سوشل میڈیاپرویڈیووائرل ہونے پرہوئی کارروائی

نئی دہلی(ایجنسی)دہلی کے اندرلوک علاقہ میں آج نمازِ جمعہ کے دوران نمازیوں کے ساتھ پولیس اہلکار کے ذریعہ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو گئی جس نے پولیس اہلکار کا عمل پوری دنیا کے سامنے ظاہر کر دیا، اور نتیجہ کار ملزم کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی ایک خبر کے مطابق اندرلوک کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سڑک پر جمعہ کی نماز کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس درمیان ایک پولیس ا ہلکار نمازیوں کے ساتھ بربریت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ ایک نمازی کو وہ لات مارتا ہوا دکھائی دیتا ہے اور اس کی اگلی صف میں بیٹھے نمازی کو بھی دھکا دیتا ہے۔ پولیس کی اس حرکت کو دیکھ کر وہاں پر موجود کچھ لوگ ناراض ہوئے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ کچھ نے اس واقعہ کی ویڈیو بنانا شروع کر دیا اور کچھ نے پولیس اہلکار کو گھیر کر اس عمل کی مخالفت شروع کر دی۔
’آج تک‘ پر شائع خبر میں ڈی سی پی نارتھ منوج مینا کا ایک بیان بھی درج ہے۔ بیان میں منوج مینا نے کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات سنجیدگی کے ساتھ کی جا رہی ہے۔ ملزم پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے اور لوگوں سے اپیل ہے کہ امن برقرار رکھیں۔ منوج مینا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار کے خلاف مزید کچھ سخت اقدام کیے جائیں گے۔
یہ دہلی کے اندرلوک مکی جامع مسجد کے باہر کا منظر ہے جہاں لوگ جمعہ کی نماز ادا کررہے تھے، پولس لاتوں اور گھونسوں کی بارش کررہی ہے@mediacogito @MuslimSpaces @Mufti_Yasir @muftigulamrasul @nafees_ak pic.twitter.com/Rz0WKb6Z9i
— Baseerat Online (@BaseeratOnline) March 8, 2024
نمازیوں کے ساتھ پولیس اہلکار کی بدسلوکی پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دہلی پولیس کے طریقہ کار پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’نماز پڑھتے ہوئے شخص کو لات مارتا ہوا یہ دہلی پولیس کا جوان شاید انسانیت کے بنیادی اصول نہیں سمجھتا۔ یہ کون سی نفرت ہے جو اس جوان کے دل میں بھری ہے، دہلی پولیس سے گزارش ہے کہ اس جوان کے خلاف متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کیجیے اور اس کی سروس ختم کیجیے۔‘‘
دہلی پولیس اسرائیل پولیس کے طرز عمل کر رہی ہے کیونکہ اسے بی جے کے نیتا اسرائیلی سبق دیتے ہیں جو انھیں اسرائیل سے ملتا ہے بلکہ پوری بی جے پی اور آر ایس ایس لابی اسرائیل سے کلاس لیکر اسے انڈیا میں نافذ کرتی ہے #दिल्ली_पुलिस_शर्म_करोhttps://t.co/nFuWIKZ72I#DelhiPolice
— K H Qasmi. کیفی حیدر قاسمی (@Kaifihaidarqas7) March 8, 2024
کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے بھی نمازیوں کے ساتھ دہلی پولیس جوان کی بدسلوکی والی ویڈیو کو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے ’’امت شاہ کی دہلی پولیس کا نعرہ ہے ’شانتی، سیوا، نیائے‘ (امن، خدمت، انصاف)۔ پوری شدت سے کام پر ہیں۔‘‘ دراصل یہ طنزیہ جملے ہیں جس کے ذریعہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے تحت ہی آتی ہے۔
Comments are closed.