انجمن لاء کالج کے طالب علم عبداللہ ندوی اور رضوی لاء کالج کے مذکر خان نے ملک کا نام روشن کیا

ممبئی (پریس ریلیز)
سعودی مرکز برائے تجارتی ثالثی (SCCA)کی جانب سے سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں منعقدہ چہار روزہ (3-6 مارچ 2024) عربی بین الاقوامی تجارتی ثالثی مقابلہ( Arabic International Commercial Arbitration Moot Competition ) میں انجمن اسلام بیرسٹر اے آر انٹولے کالج آف لاء ممبئی کے سال آخر کے طالب علم عبداللہ حسین ندوی اور رضوی لاء کالج کے طالب علم مذکر خان کو غیر معمولی کارکردگی ایوارڈ (Exceptional Performance Award) سے نوازا گیا. خیال رہے کہ مذکورہ بین الاقوامی مقابلہ میں پہلی بار کوئی غیر عرب ٹیم اس قسم کے انعام و اعزاز کی مستحق قرار پائی ہے .
اس موقع پر عبداللہ ندوی نے نامہ نگار کو بتایا کہ ان کو اس عالمی مقابلہ میں شرکت کے لئے کافی محنت و جد و جہد کرنی پڑی کیونکہ مسابقہ کی زبان عربی تھی اور ایک غیر عرب طالب علم کے لئے عربی قانونی اصطلاحات و زبان کا فہم و استعمال نسبتا دشوار ہوتا ہے .
واضح رہے کہ بین الاقوامی تجارتی ثالثی مقابلہ, سعودی مرکز برائے تجارتی ثالثی (SCCA) سال میں ایک بار منعقد کرتی ہے جس میں وہ طلبہ حصہ لینے کے حقدار ہوتے ہیں جو کسی بھی یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہے ہوں اور ساتھ ساتھ انہیں عربی زبان و بیان پر بھی عبور حاصل ہو کہ مسابقہ کی زبان عربی ہوتی ہے .
ان کی اس کامیابی پر انہیں صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی, انجمن اسلام, ممبئ کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی, رضوی گروپ کے چیئرمین جناب اختر حسن رضوی (سابق رکن پارلیمنٹ) اور ڈائریکٹر ایڈوکیٹ روبینہ اختر حسن رضوی، شاہین گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر عبد القدیر , سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد, ادارہ دعوة السنہ کے صدر مولانا شاہد الناصری, ملی کونسل تلنگانہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی, بصیرت جرنلزم اینڈ لینگویج اکیڈمی ممبئی کے بانی مولانا غفران ساجد قاسمی ،مفتی خبیب احمد قاسمی و دیگر نےمبارک باد پیش کی , ان کے علاوہ ان کے دیگر خیرخواہان و اعزہ و اساتذہ نے بھی دعاوں سے نوازا جن میں ان کی والدہ ,والد ڈاکٹر محمد حسین آزاد, انجمن لاء کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فلک ناز, رضوی لاء کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ساجن پاٹل, رجسٹرار رئیس احمد, شبنم انصاری, کالج کی پروفیسرز نازنین خطیب, اسمتا تھول, آفرین شیخ, محبوبی شیخ وغیرہم قابل ذکر ہیں-
Comments are closed.