تلاوتِ قرآن حکیم کی فضیلت و ماہ رمضان

ثناء عثمان اویسی میواتی
قرآن حکیم وہ واحد کتاب ہے جس کے ایک حرف کی تلاوت پر دس نیکیاں ملتی ہیں۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اﷲ عنہما روایت کرتے ہیں:
’’جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اس کے لئے اس کے عوض ایک نیکی ہے اور ایک نیکی کا ثواب دس گنا ہوتا ہے۔ میں نہیں کہتا الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔‘‘ترمذی، السنن
تلاوت قرآن افضل ترین عبادات میں سے ہے۔ حضرت نعمان بن بشیر رضی اﷲ عنہما بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا
أفْضَلُ عِبَادَةِ اُمَّتِيْ قراء ةُ الْقُرْآن.
بيهقی، شعب الايمان،
’’میری امت کی سب سے افضل عبادت تلاوتِ قرآن ہے۔‘‘
یہ عظیم کتاب جس کی تلاوت کی بے پناہ فضیلت ہے رمضان المبارک کے با برکت مہینہ میں نازل ہوئی۔ اس لحاظ سے قرآن حکیم اور رمضان المبارک کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ رمضان المبارک میں قرآن مجید کی تلاوت کرنے والا گویا اس تعلق کو مضبوط و مستحکم کرتاہے۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی متعدد احادیث مبارکہ اس بات کی دلیل ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رمضان المبارک میں قرآن حکیم کی تلاوت فرماتے اور جبرئیل امین علیہ السلام کو سناتے تھے ۔
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے :
کَانَ يَلْقَاهُ فِی کُلِّ لَيْلَةٍ مِنْ رَمَضَانَ فَيُدَارِسُهُ الْقُرْآنَ.
الصحيح، بخاری
حضرت جبرائیل امین رمضان کی ہر رات میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملاقات کرتے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ قرآن کا دور کرتے۔‘‘
مزید برآں روز قیامت تلاوتِ قرآن کا اہتمام کرنے والوں اور اس کے معانی سمجھنے والوں کی شفاعت خود قرآن حکیم فرمائے گا۔ حضرت عبد اﷲ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
’’قیامت کے دن روزہ اور قرآن دونوں بندے کے لئے شفاعت کریں گے۔ روزہ کہے گا : اے میرے رب! میں نے اس شخص کو دن کے وقت کھانے (پینے) اور (دوسری) نفسانی خواہشات سے روکے رکھا پس تو اس شخص کے متعلق میری شفاعت قبول فرما۔ قرآن کہے گا : اے میرے رب! میں نے اس شخص کو رات کے وقت جگائے رکھا پس اس کے متعلق میری شفاعت قبول فرما۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : ان دونوں کی شفاعت قبول کی جائے گی
قرآن کریم، ماہ رمضان کی روح ہے کہ جس نے اس مہینہ کی عظمت کو بڑھا دیا ہے۔
قرآن کریم، ماہ رمضان کا وہ دل ہے کہ جس دل کی دھڑکنوں کے بغیر روزہ داروں کی معنوی حیات کی رگوں میں حقیقت کی لہر نہیں دوڑ سکتی۔
قرآن کریم، دلوں کی بہار ہے اور قرآن کریم کی بہار، ماہ رمضان ہے۔ قرآن کریم اپنے ماننے والوں کے لیے رہنمائے ہدایت ہے، اور نیک کام کرنے والوں کے لیے بشارت دیتا ہے،
اس حوالے سے قرآن کریم یوں گویا ہے
بیشک یہ قرآن اس راستہ کی ہدایت دیتا ہے جو سب سے زیادہ سیدھا اور مستحکم ہے اور جو ایمان والے نیک کام کرتے ہیں ان کو بشارت دیتا ہے کہ ان کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 17 الإسراء آیت نمبر
Comments are closed.