اقلیتی کمیشن ایکٹ میں تبدیلی اقلیتی کمیشن کے وجودپرخطرہ ہے:باری اعظمی

پٹنہ : بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان باری اعظمی نے حکومت بہار کے ذریعہ اقلیتی کمیشن کے ایکٹ میں تبدیلی کئے جانے کے عمل پر گہرے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے سربراہ نتیش کمار کے ذریعہ ہی موجودہ اقلیتی کمیشن کے چیرمین ریاض الحق راجو کو چیرمین بنایا گیا تھا جن کا تعلق راشٹریہ جنتا دل سے ہے ۔ مگر نتیش کمار کے پالا بدلتے ہی اقلیتی کمیشن کے چیرمین کو ہٹانے کی بھی کوشش ہونے لگی ۔ اقلیتی کمیشن کاایکٹ یہ کہتا ہے ایک مرتبہ اگر کوئی چیرمین بحال ہو جاتا ہے تو اس کی مدت تک ہٹانے کی کوئی شق نہیں ہے ۔ نتیش حکومت نے موجودہ چیرمین کو ہٹانے کیلئے اقلیتی کمیشن کے ایکٹ میں تبدیلی کرنے کا ارادہ کرلیا ہے ۔ ایسا کرنے سے اقلیتی کمیشن کے وجود پر ہی خطرہ لاحق ہوجائیگا ۔
باری اعظمی نے کہا کہ اقلیتی کمیشن کی طرح اور بھی کمیشن قائم ہے مگر اس کو تحلیل کرنے یا چیرمین کو ہٹانے کی کوئی بات نظر نہیں آتی ۔ تو پھر اقلیتی کمیشن کے چیرمین کو ہٹانے کا ارادہ بالکل ہی غیر آئینی ثابت ہوگا ۔اور اسکی پوری جوابدہی نتیش کمار اور جنتادل یو پر ہوگی اور اگر اقلیتی کمیشن کا وقار مجروح ہوا تو اسکے خلاف ریاست گیر احتجاجی مہم چلائی جائیگی۔
Comments are closed.