روزہ جسمانی و روحانی فوائد وثمرات کا بہترین مظہر

 

محمد شمشاد قاسمی

 

روزہ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے اہم رکن ہے ، روزہ بے شمار جسمانی ، روحانی ، مادی اور معنوی فوائد وثمرات رکھتا ہے، روزہ صرف کھانے پینے اور جماع سے رکنے کا نام نہیں ہے ، بلکہ روزے میں معصیت سے اجتناب بھی ضروری ہے ، جیساکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا: من لم يدع قول الزور والعمل به فليس لله حاجة أن يدع طعامه وشرابه. رواه البخاري .

جو روزہ دار خرافات و لغویات سے نہ بچے ، اسے بھوکا پیاسا رہنے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

اس حدیث پاک سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہے کہ صرف کھانا پینا اور جماع ترک کرنے سے روزہ میں معافی کی شان نہیں آتی ہے۔

قارئین کرام! ہم اپنے معاشرہ کا جائزہ لیں ، کتنے ایسے روزہ دار ہیں جنہوں نے رمضان میں رمضان سے پہلے کی حالت شنیعہ بدلی ہے ؟

جو لوگ رمضان سے پہلے غیبت کرتے تھے، کینہ رکھتے تھے، چوری کرتے تھے، گالی دیتے تھے ،اور دوسروں کی حق تلفی کرتے تھے وہ بدستور رمضان میں بھی کرتے ہیں، غرض یہ کہ رمضان سے پہلے جو جس گناہ میں مبتلا تھا ، رمضان میں بھی اس گناہ کا ارتکاب کرتا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہنی چاہیۓ کہ رمضان کی اہمیّت اور فضیلت کی وجہ سے جس طرح نیکی کے ثواب میں اضافہ ہوجاتا ہے اسی طرح گناہ بھی شدید ہوجاتا ہے؛ اس لیے کہ یہ بات بدیہی ہے کہ مکان کے مقدس ہونے سے معصیت میں شدت آتی ہے، اسی طرح زمان کے مقدس ہونے کا بھی یہی اثر ہے کہ اس سے معصیت کی کیفیت میں بھی شدت آۓ؛ جیسے شراب نوشی گناہ ہے ؛ لیکن اگر کوئی مسجد میں شراب نوشی کرے تو گناہ بڑھ جاۓ گا، بالکل اسی طرح رمضان کو بھی سمجھنا چاہیے ۔

رمضان کا ادب یہ ہے کہ کان ، آنکھ ، ہاتھ، پاؤں تمام اعضاء و جوارح کی معصیت سے حفاظت ہو۔

روزہ کے روحانی فوائد میں یہ بھی ہے کہ قلب کو اطمینان وسکون کی دولت نصیب ہوتی ہے، غم غلط ہوتا ہے، خواہشات کا سیلاب تھم جاتا ہے ، نفس امارہ کی تیزی اور تندہی ختم ہوجاتی ہے ، بندہ گناہوں کے دلدل سے نکل کر تقوی شعار بن جاتا ہے، روزہ سے تزکیۂ نفس اور تصفیۂ باطن جیسے پاکیزہ اوصاف پیدا ہوتے ہیں۔

 

روزہ کے جسمانی فوائد میں یہ بھی ہے کہ روزے سے انسانی نظام معدہ اور دماغی سسٹم کو مکمل طور پر آرام ملتا ہے اور غذا کے ہضم کرنے کا عمل بہتر حالت پر آجاتا ہے، اسی طرح روزہ رکھنے سے جسم میں زہریلے مادوں کا خاتمہ ہوجاتا ہے، اور دوسرے زہریلے مادے پیدا بھی نہیں ہوتے، اور جگر تندہی سے پرانے زہریلے مادوں کو جسم سے صاف کرتا ہے، جیساکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (( لِكُلِّ شَيْءٍ زَكَاةٌ، وَزَكَاةُ الْجَسَدِ الصَّوْمُ))[ سنن ابن ماجة] ہر چیز کی زکاۃ ہوتی ہے اور جسم کی زکاۃ روزہ ہے.

یعنی جس طرح زکاۃ مال سے گندگی نکال کر باقی مال کو صاف ستھرا کردیتی ہے، اسی طرح روزہ جسم سے زہریلے مادوں کو نکال کر جسم کو صاف ستھرا کردیتا ہے۔

 

الغرض! روزے کے فوائد خواہ روحانی ہوں یا طبی و جسمانی ان گنت ہیں ؛ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تعلیمات اسلامی کو احسن انداز میں سمجھیں اور ان کے شرائط و ضوابط کا خاص خیال رکھ کر عمل کریں ،تب جاکر روزے کے تمام فوائد و ثمرات سے ہم مستفید ہوسکتے ہیں ؛ رب کائنات سے دعا ہے کہ ہمیں احکام اسلام کو سمجھ کر، تمام شرائط و ارکان کی رعایت کرتے ہوۓپابندی سے عمل کرنے اور اپنی دنیا و آخرت دونوں سنوارنے کی توفیق عطاء فرماۓ۔ آمین۔

Comments are closed.