Baseerat Online News Portal

مسلمان فلسطین اور مستقبل قریب میں ہونے والے الیکشن کے لئے دعاء کا اہتمام کریں

حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر بورڈ کی اپیل
نئی دہلی(پریس نوٹ)حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ چل رہا ہے، یوں تو رمضان کا پورا مہینہ ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور دعاء کی قبولیت کا ہے؛ لیکن خاص کر آخری عشرہ– جس کی طاق راتوں میں سے کسی میں شب قدر کا زیادہ امکان ہے– کی اہمیت دعاء کی قبولیت کے اعتبار سے اور زیادہ ہے، اس موقع پر تمام لوگ خصوصی طور پر دو باتوں کے لئے دعاء کا اہتمام کریں، ایک یہ کہ فلسطین کے مظلوم بھائیوں کو صہیونی اور صلیبی طاقتوں کے ظلم سے نجات ملے، عالم اسلام میں دینی غیرت وحمیت بیدارا ہو اور وہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لئے پوری جرأت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں، دوسرے: عنقریب جو پارلیمانی الیکشن ہونے والا ہے، اس کے لئے دعاء کریں کہ اس میں انصاف پسند طاقتیں اقتدار میں آئیں، نفرت پھیلانے والی، قومی یکجہتی کو متأثر کرنے والی اور ملک کے دستور کو مجروح کرنے والی طاقتیں اقتدار پر فائز نہیں ہوں، اس وقت ضرورت ہے کہ پورے خشوع وخضوع اور انابت کے ساتھ دعاء کا اہتمام کریں؛ کیوں کہ زمین کے سارے فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں، اور حالات کے بناؤ اور بگاڑ کا اختیار اللہ ہی کے حکم سے ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کی مدد فرمائے اور ملت اسلامیہ ہند کو اپنی مسجدوں، مدرسوں اور شرعی قوانین کے ساتھ اس ملک میں رہنے کے پُر امن مواقع میسر آئیں۔

Comments are closed.