سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا
خلیجی ممالک میں ۱۰ اپریل کو اور ہندوستان میں ۱۱ اپریل کو عیدالفطر
جدہ۔۸؍ اپریل: سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد بدھ ۱۰ اپریل کو عید ہوگی۔سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مختلف شہروں کی آبزرویٹریوں میں اجلاس ہوئے۔ اس کے علاوہ سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے بھی چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی تاہم مملکت میں کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں ملی۔چاند نظر نہ آنے کے بعد ۱۰اپریل بروز بدھ کو عید الفطر کا اعلان کیاگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حرمین شریفین کی خبریں نشر کرنے والے ’حرمین‘ ویریفائیڈ یوزر نے لکھا کہ ’’سعودی عرب میں ہلال عید نظر نہیں آیا۔ لہذا عید الفطر ۱۰ اپریل ۲۰۲۴بروز بدھ کو منائی جائے گی۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت مہینے کے بقیہ لمحات کو نیک کاموں میں مشغول رکھنے کی توفیق عطا فرمائے جن سے اللہ راضی ہو، وہ ہمارے صیام، قیام اور عمل کو قبول فرمائے آمین۔ ادھر خلیجی ممالک کے علاوہ ہندوستان، نیپال، سری لنکا وغیرہ میں ۱۱ اپریل بروز جمعرات کو عیدالفطر ادا کی جائے گی۔ قبل ازیں شوال کے چاند سے متعلق مانچسٹر میں مقیم ماہر فلکیات مولانا ثمیرالدین قاسمی نے کہا تھا کہ ’’ اس بار ہندوستان میں عید ۱۱ اپریل کو منائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاند کی رفتار کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہندوستان کے کسی بھی حصے میں ۹ اپریل کو چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر، انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ۹ اپریل کو نئے چاند کی عمر اور اونچائی اتنی زیادہ نہیں ہے کہ اسے دیکھا جا سکے۔