Baseerat Online News Portal

سعودی عرب:شاہ سلمان نے عیدالفطرپرپیش کی مبارکباد، فلسطینیوں پر حملے روکنے پر زوردیا

بصیرت نیوزڈیسک
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عید الفطر کے موقع پر سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین حرم کو مبارکباد دیتے ہوئے فلسطینی عوام پر حملے روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا عید الفطر پر خطاب کا متن وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے پڑھ کر سنایا۔
شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں اللہ تعالی کی حمد و ثنا کے بعد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں اور زائرین حرم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ مکمل ہوا اور اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمارے روزے اور دعائیں و نیک کاموں کو قبول فرمائے‘۔
شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’عید الفطر کے اس پرمسرت موقع پر باہمی الفت، ہمدردی، محبت اور روا داری کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مالک کائنات کا شکر گزار ہونا چاہئے کہ جس نے ہمیں رمضان المبارک کے اختتام پر عید الفطر منانے کا موقع فراہم کیا‘۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ’ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے ہمیں لاکھوں زائرین حرم کی خدمت کا موقع فراہم کیا اور ان کے آرام و راحت و مناسک کی آسانی کی توفیق عطا کی‘۔
خادم حرمین شریفین نے کہا کہ ’اس سال عید الفطر پر ہمیں فلسطینی عوام پرحملوں کو روکنے، ان کے مصائب ختم ہونے کی دعا کے ساتھ ان کے لیے امدادی راہداریوں کی فراہمی کی کوشش ہونی چاہئے۔ تاکہ وہ بھی آرام اور پرسکون زندگی گزار سکیں‘۔
اپنے خطاب کے آخر میں شاہ سلمان نے کہا کہ ’ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ اپنے فضل و کرم اور سخاوت کے ذریعے مملکت کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھے‘۔

Comments are closed.