Baseerat Online News Portal

لوک سبھا2024:مہاراشٹرمیں مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم، شیوسینا ادھوٹھاکرے 21، کانگریس 17 اور این سی پی شرد پوار 10 سیٹوں پر لڑے گی الیکشن

ممبئی(ایجنسی)مہاراشٹر میں مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا حتمی فیصلہ ہو گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ریاست کی کل 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کو 21 سیٹیں ملی ہیں، کانگریس کے حصے میں 17 سیٹیں آئی ہیں جبکہ این سی پی شردپوار 10 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ تینوں پارٹیوں کے درمیان ریاست کی تین لوک سبھا سیٹوں بھیونڈی، سانگلی اور شمال ممبئی کی سیٹوں پر فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا، مگر اب تصویر واضح ہو گئی ہے۔ بھیونڈی کی سیٹ این سی پی شرد پوار کے حصے میں آئی ہے، سانگلی کی سیٹ شیوسینا یو بی ٹی کو اور شمال ممبئی کی سیٹ کانگریس کو ملی ہے۔
مہاوکاس اگھاڑی نے اپنی سیٹ شیئرنگ فارمولے کا اعلان کرنے کے لیے ایک پریس کانفرنس بلائی تھی۔ اس میں شیوسینا یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے اور این سی پی شرد پوار کے سربراہ شرد پوار اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ کانگریس جن 17 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی وہ رام ٹیک، ناگپور، بھنڈارہ- گوندیا، گڈچرولی، لاتور، شولاپور، کولہاپور، پونے، ناندیڑ، امراؤتی، نندوربار، آکولہ، چندر پور، دھولیہ، جالنہ، ممبئی شمال اور ممبئی شمال وسط کی سیٹیں ہیں۔
ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا 21 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ ان 21 سیٹوں میں جنوب ممبئی، جنوب وسط ممبئی، شمال مغرب ممبئی، شمال مشرق ممبئی، جلگاؤں، پربھنی، ناسک، پالگھر، کلیان، تھانے، رائے گڑھ، ماول، دھاراشیو، رتناگیری، بلڈھانہ، ہات کناگلے، سمبھاجی نگر، شرڈی، سانگلی، ہنگولی، ایوت محل اور واشم کی سیٹ ہے۔ جبکہ این سی پی شرد پوار بارامتی، شیرور، ستارہ، بھیونڈی، دنڈوری، ماڈھا، راویر، وردھا، احمد نگر جنوب اور بیڑ سے الیکشن لڑے گی۔
واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا پہلے ہی اپنے 21 امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔ کچھ دن پہلے شیو سینا (ادھوٹھاکرے) نے چار امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے 17 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ این سی پی شرد پوار نے ابھی تک اپنے سات امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جبکہ کانگریس نے بھی سات سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

Comments are closed.