بہار میں ہیٹ ویو سے 2 دن میں 73 اموات

پٹنہ (ذرائع) بہار میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ بدھ سے جمعرات کی شام تک ریاست میں لوُسے 73 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ پٹنہ ، مظفر پور، ویشالی، دربھنگہ اور بیگوسرائے سمیت کئی اضلاع میں جمعرات کی رات بارش ہوئی یا اس کی وجہ سے ہوا میں ٹھنڈک تھی، لیکن اس سے پہلے بدھ کی صبح سے جمعرات کی شام تک لوگوں کو سڑکوں پر چلتے ہوئے دیکھا گیا ۔ بس ا سٹینڈ ، اسٹیشن یا ووٹنگ کی تیاری کے دوران مرنے والوں کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ۔
اورنگ آباد میں جمعرات کے روز سب سے زیادہ 15 اموات ہوئیں۔ اس کے بعد پٹنہ میں 11 اموات کی خبریں سامنے آئیں۔ بھوجپور میں پانچ پولنگ کارکنوں سمیت 10 افراد کی موت ہوئی، جب کہ روہتاس میں آٹھ ، کیمور میں پانچ، گیا میں چار ، مظفر پور میں دو ، بیگوسرائے ، جموئی ، بربیگھا اور سارن میں ایک ایک شخص کی موت ہو گئی۔ جمعرات کے روز 59 اور بدھ کو 14 اموات کے ساتھ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ہے ۔ چونکہ زیادہ تر لوگوں کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جا رہا ہے اس لیے لُو سے ہونے والی اموات کی انتظامی طور پر تصدیق نہیں ہورہی ہے ۔بہار میں بدھ کے روز اسکولوں میں لُو کی وجہ سے تقریباً 350 بچے اور اساتذہ بے ہوش ہوگئے، تب ریاستی حکومت نے شام 6 بجے اعلان کیا کہ جمعرات سے 8 جون تک اسکول بند رہیں گے۔ جمعرات کے روز اسکول کھل گئے اور بچے واپس آ گئے لیکن اساتذہ کو دوپہر ڈیڑھ بجے تک بٹھایا گیا۔ ادھر لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے آخری مرحلے کی تیاری کر رہے تھے عملہ بھی گرمی سے پر یشان ہے۔ روہتاس میں پولنگ ڈیوٹی پر موجود دو اساتذہ کی موت کی خبر ہے۔ بھوجپور میں پانچ پولنگ عملہ کی موت ہو گئی۔ ہیٹ ویو سے مرنے والوں میں زیادہ تر بزرگ افراد ہیں جن کی عمریں 50 سے 85 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں ۔ بہار کے اضلاع میں لگاتار بڑھتی گرمی کی وجہ سے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں فالج ، پانی کی کمی کی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ سب سے زیادہ معاملے پٹنہ، بہار میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ فی الحال مرنے والوں کو کوئی معاوضہ نہیں مل رہا۔ ووٹنگ کے دوران سرکاری ڈیوٹی کے دوران جان کی بازی ہارنے والوں کو ان کی موت کی وجہ کا ثبوت پیش کرنے پر معاوضہ دیا جائے گا۔ ان اموات کی کوئی انتظامی تصدیق نہیں ہے ۔
Comments are closed.