لائن آف کنٹرول پر شدید کشیدگی، ایئر ڈیفنس یونٹس فعال، سرحدی علاقوں میں اسکول آج بھی بند

 

نئی دہلی (ایجنسی) آپریشن سندور‘ کے بعد بوکھلائے پاکستان کی طرف سے سرحد پر مسلسل گولی باری کرکے بے قصور لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی فوج اور بحریہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ملک کی سبھی ایئر ڈیفنس یونٹس کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ وہیں جموں و کشمیر، راجستھان اور جودھپور جیسے سرحدی علاقوں میں بھی اگلے حکم تک سبھی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

جموں و کشمیر کے 8 ضلعوں میں سبھی تعلیمی ادارے بدھ کو بھی بند رہے تھے۔ جموں ڈویژن کے پانچ ضلعوں جموں، سانبا، کٹھوا، راجوری، پونچھ اور کشمیر کے تین ضلعوں بارہ مولہ، کپواڑہ و باندی پورہ میں بھی سبھی اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس سلسلے میں جموں و کشمیر کے ڈویژنل کمشنرس نے الگ الگ حکم جاری کیے تھے۔

ایک دفاعی افسر نے بتایا کہ ’آپریشن سندور‘ کے بعد پاکستان کی طرف سے سرحد پر مسلسل گولی باری کی جا رہی ہے۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے کسی بھی حالت سے نپٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں بھی سبھی ایئر ڈیفنس یونٹ کو فعال کر دیا گیا ہے۔

’ٓآج تک‘ کی خبر کے مطابق پاکستان نے مسلسل 14ویں دن بھی ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور بھاری توپ خانے سے دوسرے دن بھی گولی باری کی۔ اس کا ہندوستانی فوج نے منھ توڑ جواب دیا ہے۔ فوج کے افسر نے بتایا، 8-7 مئی کی رات میں پاکستانی فوج کی چوکیوں نے جموں و کشمیر میں کپواڑہ، بارہ مولہ، اُری اور اخنور علاقوں میں کنٹرول لائن کے پار چھوٹے اسلحوں اور توپوں کا استعمال کرتے ہوئے بلااشتعال گولی باری کی۔ ہندوستانی فوج نے بھی اس کا مناسب جواب دیا۔

Comments are closed.