اترپردیش: علی گڑھ میں خوفناک سڑک حادثہ، پولیس گاڑی کینٹر میں گھسی، 4 پولیس اہلکاروں سمیت 5 کی موت

نئی دہلی (ایجنسی) علی گڑھ ضلع میں دہلی-کانپور ہائی وے پر جمعرات کی صبح خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں گاؤں چکاوٹی کے پاس فیروز آباد سے ملزم کو پیشی کے لیے مظفرنگر لے جا رہی پولیس کی گاڑی کھڑے کینٹر میں سیدھی جا کر گھس گئی۔ سڑک حادثے میں داروغہ سمیت 4 پولیس اہلکاروں اور ایک ملزم کی موت ہو گئی جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہے۔ زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔
’لائیو ہندوستان‘ کی خبر کے مطابق یہ حادثہ صبح 08:15 بجے ہوا۔ فیروز آباد پولیس کی وین (یوپی 83 اور جی 0687) مظفر نگر کے لیے نکلی تھی۔ اس میں 5 پولیس اہلکار اور ایک ملزم سوار تھا۔ ان کے نام ایس آئی رام سنجیون، ہیڈ کانسٹیبل رگھوویر سنگھ، شیر پال سنگھ، بلویر سنگھ، ڈرائیور ہیڈ کانسٹیبل چندربھان سنگھ اور ملزم گلشنور (بیٹا عشرت) تھے۔ گلشنور کی مظفرنگر کی اسپیشل گینگسٹر کورٹ میں پیشی تھی۔
حادثہ ایسے ہوا کہ کھیریشور چوراہے سے نکلتے ہی گاؤں چکاوٹی کے پاس کھڑے کینٹر میں پولیس کی گاڑی ٹکرا گئی۔ تبھی پیچھے سے آ رہی گاڑیوں نے روک کر پولیس وَین میں پھنسے پولیس اہلکاروں و ملزم کو باہر نکالا۔ موقع پر لودھا و گبھانا تھانہ کی پولیس پہنچ گئی۔ اس کے بعد زخمیوں کو سنگین حالت میں اسپتال میں پہنچایا گیا، جہاں تین پولیس اہلکاروں و ملزم کی موت ہو گئی۔ سی او سنجیو کمار تومر نے بتایا کہ پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔
پولیس نے کینٹر ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے اور حادثے کے سبھی پہلوؤں کی جانچ شروع کر دی ہے۔ افسروں کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتار، گاڑی ڈرائیور کی لاپروائی یا سڑک کی حالت ہو سکتی ہے۔ پولیس کی ایک تکنیکی اور فارینسک ٹیم شواہد یکجا کر رہی ہے تاکہ حقیقی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ واقعہ کے وقت ٹریفک معمول پر تھا، جس سےظاہر ہوتا ہے کہ ٹکر پوری طرح سے گاڑی کی رفتار اور مستعدی پر منحصر تھی۔
اس حادثے نے علی گڑھ پولیس محکمہ کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔ علی گڑھ کے ایس ایس پی نے واقعہ پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک پولیس اہلکاروں کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری وداعی دی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے سڑک تحفظ کے ضابطوں پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقامی لوگ اس حادثے کو لے کر کافی حیران و پریشان ہیں اور سڑک کنارے کھڑے بھاری گاڑیوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
Comments are closed.