متھن چکرورتی کو ووٹنگ کے دوران چور چور کے نعرے ترنمول نے ہنگامہ کیا
کولکاتہ (ذرائع) لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کی ووٹنگ ہفتہ کو مغربی بنگال کی نو لوک سبھا سیٹوں پر ہو رہی ہے۔ دریں اثنا بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور سینئر بی جے پی لیڈر متھن چکرورتی نے ووٹ ڈالا۔ تاہم ووٹ ڈالنے کے بعد انہیں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے کارکنوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ متھن کو دیکھ کر ترنمول کارکنوں نے "چور چور” کے نعرے لگائے۔ یہ واقعہ شمالی وسطی کولکاتا کے بیلگچھیا کے دت بگان نمبر 22 علاقے میں پیش آیا۔ تاہم متھن چکرورتی نے صبر کا مظاہرہ کیا اور ووٹ ڈالنے کے بعد کارکنوں سے ملاقات کرکے وہاں سے نکل گئے ۔اسی طرح سی پی ایم امیدوار سریجن بنرجی کے خلاف بھی ترنمول کارکنوں نے احتجاج کیا ہے۔ پولس کی مداخلت سے سریجن کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو ئے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بوتھ کے 100 میٹر کے دائرے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ انہوں نے پولس سے بھیڑ کو منتشر کرنے کو کہا تھا۔ اس کے بعد ناراض ترنمول کارکنوں نے انہیں گھیر لیا اور احتجاج شروع کر دیا۔جادب پور لوک سبھا حلقہ کے تحت بروئی پور مشرقی اسمبلی کے تحت ہمچی پرائمری اسکول کے بوتھ نمبر 153، 154، 155 اور 156 کے باہر کشیدگی کا ماحول ہے۔ ترنمول پر سی پی ایم امیدوار کے ایجنٹ کو بیٹھنے سے روکنے کا الزام ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ انتخابات پرامن طریقے سے ہو رہے ہیں، لیکن سی پی ایم کے امیدوار سریجن آ کر کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Comments are closed.