مغربی بنگال کے 2 پولنگ بوتھ پر آج ہو رہی ہے دوبارہ ووٹنگ، دھاندلی کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ
مغربی بنگال کی باراسات اور متھرا پور لوک سبھا سیٹوں کے دو بوتھ پر بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد دوبارہ ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مغربی بنگال کی باراسات اور متھرا پور لوک سبھا سیٹوں پر آج (3 جون) 2 بوتھ پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہاں دوبارہ پولنگ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ان بوتھس پر آخری مرحلے میں یکم جون کو ووٹنگ ہوئی تھی لیکن دھاندلی کی شکایت کے بعد ان بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ان بوتھس پر آج صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ جاری رہے گی۔
باراسات کے دگنگ اسمبلی اور متھرا پور کے کاک دیپ اسمبلی میں واقع ان بوتھوں پر آج دوبارہ ووٹنگ ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کی رپورٹ کی بنیاد پر ان بوتھس پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں بوتھوں پر دھاندلی کی شکایت تھی۔ ان بوتھوں پر ووٹنگ شروع ہونے سے قبل سیکورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے تھے تاکہ دوبارہ کوئی دھاندلی ن ہو۔ ان بوتھوں کے قریب بھی کسی غیر متعلقہ شخص کے جانے پر روک لگا دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کو لکھے خط میں کہا ہے کہ یکم جون کو لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی)، انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات میں ساتویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران مغربی بنگال کے بشیر ہاٹ کے بیارباری میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان مبینہ تصادم ہوا۔ مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے میرا گنج میں بھی ٹی ایم سی اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی لوگ زخمی ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق مغربی بنگال میں 17 باراسات پارلیمانی حلقہ کے120-دگانگ اسمبلی حلقہ کے 61 کدم باگچی سردار پاڑا ایف پی اسکول، روم نمبر 2 اور 20 متھراپور (ایس سی) پارلیمانی حلقہ کے 131-کاک دیپ اسمبلی حلقہ کے 26 آدی محل شری چیتنیہ ودیا پیٹھ ایف پی اسکول میں از سرِ نو ووٹنگ کرائی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ 17 باراسات اور 20 متھرا پور (ایس سی) پارلیمانی حلقوں کے انتخابی افسران سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد دوبارہ پولنگ کے احکامات دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوبارہ ووٹنگ کا یہ فیصلہ تمام مادی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
Comments are closed.