مجرم اور جرم کو مذہب سے جوڑنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے : ابو عاصم اعظمی
ممبئی (ایجنسی) رائے گڑھ میں جنسی زیادتی کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے مہاراشٹر اکائی کے صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ مجرم کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، جس نے جرم کیا ہے اسے اس جرم کی سزا ملنی چاہیے۔ارن میں جنسی زیادتی کے بعد قتل کا واقعہ پیش آیا۔اس معاملے میں ملوث شخص کا ایک خاص مذہب سے تعلق تھا۔لیکن چند لوگوں نے اس معاملے کو لو جہاد کا رنگ دے دیا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ گھناؤنے جرائم کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے لیکن جرائم پر انتخابی غصہ کیوں؟
ابو عاصم اعظمی نے مزید کہا کہ اسی طرح اب ممبئی کے دھاراوی میں اروند ویش نامی نوجوان کا قتل کیا گیا، وشو ہندو پریشد اور سوشل میڈیا پر سماج دشمن عناصر کی جانب سے اس قتل کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ تہوار شروع ہونے والے ہیں۔انتخابات بھی قریب ہیں۔ایسے میں پولیس اور انتظامیہ جرائم کی وارداتوں کو قابو میں کرنے کے لئے سخت کارروائی کرے۔ مذہبی رنگ دے کر پر امن فضا کو مکدر کرنے والوں پر بھی نظر رکھے۔ معاشرے میں جرائم پر قابو پانے کے ساتھ مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر کارروائی بھی ضروری ہے۔
اس موقع پر ابو عاصم اعظمی نے وزیر اعلی ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم کو مذہبی رنگ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پولیس کو بھی چاہیے کہ وہ جرائم پرسخت نظر رکھے۔
Comments are closed.