افغان شہریوں کی واپسی کے لیے 29 صوبوں میں 46 ٹاؤنز تیار ہیں: وزارت ہاؤسنگ و شہری ترقی

 

بصیرت نیوز ڈیسک
وزارت ہاؤسنگ و شہری ترقی کے حکام نے گورنمنٹ میڈیا سنٹر میں حکومتی اداروں کی ایک سالہ کاکردگی پروگرام کے سلسلے میں اپنی وزارت کی ایک سالہ سرگرمیوں، کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
وزارت ہاؤسنگ و شہری ترقی کے حکام نے کہا کہ صوبائی مراکز اور اضلاع میں 57 شہری ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دینا، کابل میں قطر رہائشی ٹاؤن کے پہلے مرحلے کی تکمیل، 443 تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کرنا، پناہ گزینوں کے شہروں کی تعمیر کے لیے زمین مختص کرنا اور کابل میں نئے شہر کے فاز تھری کے تفصیلی منصوبے کی منظوری دینا جیسے اہم اقدامات گزشتہ ایک سال میں اس وزارت کی اہم کامیابیوں میں شامل ہیں۔
ان کے مطابق کابل کے علاقے دارالامان میں نیلا باغ ٹاؤن کی تعمیر میں 25 فیصد پیش رفت ہوئی ہے اور باقی کام اگلے 38 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
وزارت ہاؤسنگ و شہری ترقی کے حکام کے مطابق گزشتہ سال کے دوران قندھار میں ایک رہائشی منصوبہ مکمل کیا گیا، صوبہ ہلمند میں 500 خاندانوں کے لیے رہائشی ٹاؤن کی تعمیر کا کام جاری ہے اور صوبہ ننگرہار میں بھی 20 ہزار خاندانوں کے لیے رہائشی سروے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کابل شہر میں ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے چار علاقوں چہاراسیاب، خاک جبار ، استالف اور ارغندی میں مال بردار گاڑیوں کے لیے ایک ٹرمینل کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے وزارت ٹرانسپورٹ کو زمین کی منتقلی، منصوبہ بندی اور تعمیراتی ڈیزائن کا کام سونپا کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق شہری خلاف ورزیوں کے 3181 کیسز کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کی روک تھام کے لیے عملی کام شروع کردیا گیا ہے۔ نیز نئے کابل شہر میں تعمیراتی کام جاری ہیں، نجی شعبے اور کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کا سنہری موقع میسر ہوا ہے، علاوہ ازیں اس شہر میں ایک معیاری میڈیکل کمپلیکس کا منصوبہ زیر غور ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 13 ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے تفصیلی منصوبوں کی منظوری، نورستان، سرپل اور قندوز صوبوں کے لیے علاقائی ترقیاتی منصوبوں کی تیاری، کمیونٹی پراجیکٹس کے نفاذ کے لیے 315 علاقوں کی نقشہ سازی، ہرات شہر کو منظم اور بہتر بنانے کے لئے 15 حلقوں اور 163 تعمیراتی نقشوں میں تقسیم کرنے کی منظوری، 249 انجینئرنگ نقشوں کا خاکہ اور ڈیزائن تیار کرنا اور 99 منصوبوں کے لیے تخمینہ لگانا ایک سال کی کارکردگی میں شامل اہم اقدامات ہیں۔
حکام کے مطابق امیر المومنین شیخ صاحب کے حکم پر اضلاع میں مکمل منصوبہ بندی اور 16 صوبوں میں ہاؤسنگ اسکیموں کی تعمیر کے لئے ٹپوگرافی سروے کر رہے ہیں، جب کہ 10 صوبوں میں منصوبوں کا آغاز کرنا اور 7 زونز اور 16 صوبوں کے لیے تفصیلی منصوبے تیار کرنا، کابل اور صوبوں میں رہائشی منصوبے تیار کرنا اور پروان اور فاریاب سمیت 8 صوبوں کے مراکز میں ریفارمز منصوبوں پر عمل درآمد کرنا رواں سال کے دوران اس وزارت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

Comments are closed.