Baseerat Online News Portal

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے داخلہ سیشن 25-2024 میں بڑی بدعنوانی کا انکشاف

 

علی گڑھ: 11 اگست (نمائندہ خصوصی)

ملک کی معروف دانش گاہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ سول انجینرنگ میں دربھنگہ، بہار کے سیف انصاری کی داخلہ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اکزامنشین کنٹرولر نے معقول وجہ بتائے بغیر سیف انصاری کے داخلہ کو منسوخ کردیا ہے. جس کی وجہ سے پوری علیگ برادری اور انصاف پسند لوگوں میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ کے خلاف غم وغصہ دیکھنے کو مل رہا ہے –

واضح رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اکزامنشین کنٹرولر نے پہلی لسٹ جاری کی ، جس میں معراج انصاری نامی طالب علم کا نام آیا ، لیکن اس نے وقت مقررہ پر کاؤنسلنگ نہیں کروائی، جس کے بعد دوسری میرٹ لسٹ میں سیف انصاری کا نام آگیا اور سیف انصاری نے مقررہ وقت پر کاؤنسلنگ اور فیس کی ادائیگی کر کے اپنے داخلہ کی کاروائی مکمل کروا لی، کارروائی مکمل ہونے کے بعد سیف انصاری کو یونیورسٹی نے ایڈمشن کارڈ بھی جاری کردیا. پھر ایک طالب نے کسی طرح سے انتظامیہ اور کنٹرولر تک سفارش لگا کر اپنے داخلہ کی دعویداری پیش کر دی. جس کے نتیجے میں کنٹرولر کی جانب سے سیف انصاری کے مکمل شدہ داخلہ کو ختم کرکے اس کی جگہ معراج نامی طالب علم کو داخلہ دے دیا گیا ، جو کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اصول وضوابط کے سراسر خلاف ہے. جب سیف انصاری اکزامنشین کنٹرولر سے داخلہ کے ختم کیے جانے کی وجہ پوچھی تو اسے کوئی معقول جواب دینے کے بجائے اس کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا. سیف یونیورسٹی کے اس رویہ سے شدید صدمے میں ہیں. انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے اس معاملہ کی جانچ کر کے انصاف کی مانگ کی ہے.

Comments are closed.