وقف اراضی کو جلد از جلد رجسٹر میں درج کرائیں:امارت شرعیہ

پھلواری شریف:۲۳؍اگست(پریس ریلیز)امارت شرعیہ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھاکھنڈ و مغربی بنگال کے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر مرکزی دفتر امارت شرعیہ نے اوقاف کے متولی، سکریٹری اور منجملہ اوقاف کمیٹی سے اپیل کی ہے کہ وقف اراضی کو جلد از جلد رجسٹر 2 میں درج کرائیں۔اس سلسلہ میں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے بتایا کہ رجسٹر2 زمینوں کا اہم ترین ریکارڈ ہے جو زونل دفتر یا بلاک میں درج ہوتا ہے۔اس ریکارڈ میں زمینوں کی پوری تفصیل مثلاً زمین کن کے نام سے رجسٹرڈ ہے، پلاٹ نمبر، کھاتا نمبر، تھانہ نمبر، زمین کس قسم کی ہے یعنی زمین وقف کی ہے، کھیتی کی ہے یا رہائشی مکان کی ہے۔ اسی طرح زمین کا رقبہ کتنا ہے جیسی تمام تفصیلات موجود ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی زمینوں کو رجسٹر 2 میں درج کرانا اس لیے بے حد ضروری ہے کیوںکہ اسی سے زمین کی ملکیت کی تصدیق ہوتی ہے اور زمین کے مالک کو اس کا مالکانہ حق حاصل ہوتا ہے۔رجسٹر 2 میں زمین درج نہ ہونے پر کئی بار اسے حکومت کی ملکیت قرار دے دیا جاتا ہے۔رجسٹر 2 میں زمین جس حیثیت سے درج ہے اسی کی بنیاد پر ہمیں حکومت کو ٹیکس بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔جناب مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے زمینوں کو رجسٹر 2 میں درج کرانے کے طریقہ پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اس کے لیے بنیادی اور پہلا کام یہ ہے کہ زمین کا داخل خارج یعنی میوٹیشن کرا لیا جائے۔اس کے بعد سی او (سرکل آفیسر)کے نام سادے کاغذ پر ایک درخواست لکھی جائے اور درخواست کے ساتھ تین دستاویزات اٹیچ کئے جائیں۔پہلا آپ کے زمین کی آخری رسید، دوسرا کھتیان کی فوٹو کاپی اور تیسرا کورٹ کا حلف نامہ یعنی Affidavit۔اس کے بعد ان دستاویزات کے ساتھ درخواست کو سی او کے پاس جمع کر دینا ہے۔درخواست جمع کرنے کے بعد ہر حال میں اس کی ریسیونگ لے لینی ہے۔آگے کا مرحلہ یہ ہوگا کہ سی او کی جانب سے اسے ریوینیو افسر یعنی حلقہ کرم چاری کو بھیجا جائے گا۔ ریوینیو افسر اس کی رپورٹ تیار کریں گے اور جواب دیں گے کہ اس کی جانچ کی جا سکتی ہے۔اس کے بعد سی او کاغذ کو کسی امین کے حوالہ کریں گے اور تمام دستاویزات ان کے حوالہ کر کے انہیں متعلقہ گاؤں پہنچ کر زمین کا معائنہ کر کے اور اس کا جائزہ لے کر تحقیقی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیں گے۔ اس کے بعد اطمنان کے ساتھ سی او کی جانب سے منظوری مل جائے گی۔ تاہم ابھی بھی زمین کا ریکارڈ آن لائن درج نہیں ہوگا بلکہ اب سی او اسے اے ڈی ایم کے حوالہ کریں گے جہاں سے پھر واپس یہ سی او کے پاس آئے گا تب اسے آن لائن درج کرنے کی کاروائی ہوگی۔زمین آن لائن رجسٹر ہو جانے کے بعد اب اس کی رسید آسانی سے کٹائی جا سکے گی۔ اخیر میں مولانا موصوف نے فرمایا کہ اگر کسی کو اس پراسیس کو پورا کرنے میں دشواری پیش آتی ہے تو امارت شرعیہ کے اس نمبر پر9709807646-7320818304-7783868029-7281000978 رابطہ کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.