مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ علم الادویہ میں ہربل گارڈن کا افتتاح و شجر کاری
علی گڑھ، 23 اگست: ملک گیر مہم ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ علم الادویہ، اجمل خاں طبیہ کالج کے احاطہ میں یونیورسٹی اور کالج کے ذمہ داران و اساتذہ کی موجودگی میں نئے ہربل گارڈن میں ادویاتی پودوں کی شجر کاری کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پروفیسر عبیداللہ خاں (ڈین)، پروفیسر بدرالدجیٰ خاں (پرنسپل)، پروفیسر ذکی انور صدیقی (ایم آئی سی لینڈ اینڈ گارڈن)، ڈاکٹر عبدالرؤف (صدر شعبہ علم الادویہ)، پروفیسر فراست علی خاں (شعبہ کلیات)، پروفیسر اشہر قدیر (شعبہ کلیات) وغیرہ موجود رہے۔
ادویاتی پودوں کی شجر کاری کی اس مہم میں شعبہ لینڈ اینڈ گارڈن اے ایم یو اور آر آر آئی یو ایم علی گڑھ کا تعاون حاصل رہا۔ یہ مہم نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن سے منظور شدہ یونانی کالجز کے طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں کا ایک لازمی جز ہے۔شعبہ میں بنایا گیا یہ ہربل گارڈن ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے،آب و ہوا کو بہتر بنانے، مٹی کو محفوظ کرنے اور گلوبل وارمنگ کے خلاف یونیورسٹی اور شعبہ کے عملی اقدامات کا ایک حصہ ہے۔
شجرکاری کی اس تقریب میں مختلف امراض میں مفید و مستعمل سو سے زائد ادویاتی پودے لگائے گئے مثلاً بادرنجبویہ، بابچی، آطریلال، املتاس، پلاس پاپڑہ، اڑوسہ، وج ترکی، چرائتہ، دودھی، اسگند، جامن، نیم، گلو، مورنگا، ہلیلہ وغیرہ۔ کچھ اہم ادویاتی پودے آر آر آئی یو ایم علی گڑھ کے تعاون سے حاصل ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عرشی ریاض (شعبہ کلیات) اور شعبہ علم الادویہ کے دیگر اساتذہ ڈاکٹر نازش صدیقی، ہربل گارڈن انچارج ڈاکٹر سنبل رحمن، ڈاکٹر شمشاد احمد خان، ڈاکٹر بلال تفسیر، ڈاکٹر قمرالحسن، ڈاکٹر حماد اورشعبہ کا غیر تدریسی عملہ، گارڈن کی دیکھ بھال پر مامور مالی حضرات، شعبہ کے پوسٹ گریجویٹ نیز بی یو ایم ایس سال دوم کے طلباء پوری دلچسپی کے ساتھ شجرکاری کی اس مہم میں شامل رہے۔
دوران تقریب صدر شعبہ علم الادویہ ڈاکٹر عبدالرؤف نے پیغام دیا کہ پیڑ پودے ہماری زندگی کے معیار کو بہتر بناتے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی کو دور کرتے ہوئے ہماری صحت کے ضامن ہیں۔انہوں نے ادویاتی پودوں کی شجرکاری کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے طلباء کیلئے نباتی ادویہ کو پڑھنا آسان ہوگا اور یونیورسٹی کے ماحول کو بھی صاف رکھنے میں مدد ملے گی اور کیمپس کی سبزہ زاری میںاضافہ ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭
سالانہ مضمون نویسی مقابلے کا اعلان
علی گڑھ، 23 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے بانیٔ ادارہ اور جدید ہندوستان کے معمار سرسید احمد خاں کے وژن اور مشن کی توسیع و ترویج کے لیے سالانہ مضمون نویسی مقابلے کا اعلان کیا ہے۔
رابطہ عامہ دفتر کے زیر اہتمام 2007 سے ہر سال یہ مقابلہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ مقابلہ میں شرکت کے خواہشمند طلباء کو اپنی پسند کی کسی ایک زبان انگریزی، ہندی یا اردو میں ’’مختلف کمیونٹیز کے درمیان یکجہتی: سرسید کی ہندوستان میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششیں‘‘ کے عنوان پر تین ہزار الفاظ پر محیط مضمون لکھنا ہے اور اسے 30 ستمبر 2024 تک بذریعہ ڈاک دفتر رابطہ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ کے پتہ پر یا بذریعہ ای میل [email protected] پر ارسال کرنا ہے۔
رابطہ عامہ افسر مسٹر عمر پیرزادہ نے بتایا کہ یہ مقابلہ یونیورسٹی اور کالج کے طلباء کے لیے ہے ۔ بارہویں جماعت تک کے طلباء اس مقابلے میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔ تینوں زبانوں میں الگ الگ اوّل، دوم اور سوم انعام دیا جائے گا جو بالترتیب پچیس ہزار، پندرہ ہزار اور دس ہزار روپے پر مشتمل ہے۔
مزید تفصیلات اور قواعد و ضوابط ویب لنکhttps://api.amu.ac.in/storage//file/events/1724327193.pdf پردستیاب ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
قومی یوم خلاء کی مناسبت سے مختلف تقاریب منعقد
علی گڑھ ،23 اگست: قومی یوم خلاء کی مناسبت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبہ جات اور اداروں میں تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔
یونیورسٹی کے 1 یوپی انجینئر کوائے ، این سی سی نے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے اسمبلی ہال میں’’جے وگیان، جے انسندھان (چاند پر چندریان-3)‘‘ کے عنوان پر ایک سیمینار منعقدکیا۔
مہمان خصوصی بریگیڈیئر پروین سنگھ سنگوان، گروپ کمانڈر، این سی سی، علی گڑھ نے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے ورکنگ ماڈل پر روشنی ڈالی، اور طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی مجموعی ترقی کے لیے این سی سی میں شامل ہوں۔
مہمان اعزازی پروفیسر ایم سالم بیگ، ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی نے خلائی تحقیق میں ہندوستان کی کامیابیوں اور مستقبل میں چاند پر تحقیق کے لیے راہیں ہموار کرنے میں چندریان -3 کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
مہمان اعزازی پروفیسر ارشد عمر، پرنسپل، یونیورسٹی پولی ٹیکنک نے قومی ترقی میں سائنسی اور خلائی تحقیق کی اہمیت کا ذکر کیا۔
پروفیسر ظفر احسن اور ڈاکٹر محسن خان نے چندریان 3 کے چیلنجز اور ہندوستان کے خلائی پروگرام کے مستقبل کے بارے میں گفتگو کی۔
اس سے قبل کرنل آر پی سنگھ، کمانڈنگ آفیسر، 1 یوپی انجینئر، این سی سی، اے ایم یو نے کیڈٹس اور طلباء سے این سی سی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اپیل کی، جب کہ پروگرام کوآرڈینیٹر مسٹر محمد عمران نے مہمان مقررین کا تعارف کرایا۔ مسٹر محمد دانش نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
فارئن آرٹس شعبہ میں ایک پوسٹر سازی مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں 50 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔
چیئرپرسن ڈاکٹر طلعت شکیل نے کہا کہ اس مقابلہ کے ذریعہ طلباء نے خلائی سائنس، ریسرچ اور کائنات کے لامحدود امکانات کے بارے میں اپنے نقطہ ہائے نظر کو پیش کیا۔ انہوں نے پروگرام کے انعقاد میں ڈاکٹر حنا ایف معینی اور محمد دانش سمیت آرگنائزنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول نے 2023 میں چاند کی سطح پر چندریان-3 وکرم لینڈر کی کامیاب لینڈنگ کی یاد میں ایک خصوصی اسمبلی کا انعقاد کیا۔ طلباء نے سائنس کے ماڈل پیش کیے اور خلائی ریسرچ پر روشنی ڈالتے ہوئے تقریریں کیں۔
وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے کہا کہ یہ دن خلائی تحقیق میں غیر معمولی کامیابیوں، فوائد اور مواقع کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے انٹرا سکول کوئز، مضمون نویسی اور پوسٹر سازی کے مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
احمدی اسکول برائے نابینا طلباء میں یوم خلاء کی مناسبت سے ایک ڈراما پیش کیا گیا اور تقریر، مضمون نویسی، وال پینٹنگ اور کوئز جیسی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر نائلہ راشد نے طلباء پر زور دیا کہ وہ خلاء سے متعلق تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی لیں ۔ اسے وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے بھی منتخب کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے وال پینٹنگ کی سرگرمی میں تعاون کے لئے فائن آرٹس شعبہ کی محترمہ عائشہ رضوی کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کی انچارج مسز رضیہ بانو تھیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو کے پروفیسر کو راجستھان یونیورسٹی نے اعزاز سے نوازا
علی گڑھ، 23 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سنسکرت کے چیئرمین پروفیسر محمد شریف نے مہرشی دیانند سرسوتی کے 200 ویں یوم پیدائش پر راجستھان یونیورسٹی، جے پور کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی ویدک کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انھوں نے کانفرنس کی صدارت بھی کی۔ اس موقع پر پروفیسر محمد شریف نے ’’ویدک ادب میں نفسیاتی فکر‘‘ پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا ۔
کانفرنس کے دوران پروفیسر محمد شریف کو سنسکرت ادب میں نمایاں خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا اور ایک شال، گیارہ ہزار روپے کا چیک اور ایک توصیفی سند پیش کی گئی ۔ پرو فیسر محمد شریف کو اس سے قبل بھی مختلف اداروں نے اعزاز سے نوازا ہے۔
٭٭٭٭٭٭

 

Comments are closed.