دیوبند شہر میں آوارہ کتوں کی دہشت،دیوبند میں آوارہ کتوں نے لوگوں کا جینا کیا مشکل

دیوبند،23؍ اگست(سمیر چودھری)
دیوبند شہر میں اس وقت آوارہ کتوں نے دہشت پھیلا رکھی ہے، ہر روز یہ آوارہ کتے کسی نہ کسی بڑے اور بچے کو حملہ کرکے زخمی کررہے ہیں، متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایت کی گئی لیکن اس سلسلہ میں کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ گزشتہ روز بھی شہر کی رحمان کالونی میں اسکول سے آرہی ایک خاتون ٹیچر پر ان آوارہ کتوں نے حملہ کر دیا۔اس سلسلہ میں نظر فاؤنڈیشن کے چیئرمین نجم عثمانی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ و نگر پالیکا سے آوارہ کتوں کو پکڑوانے کی مانگ کی ہے۔انہوں نے کہاکہ دیوبند شہر میں خاص طور پر جامع مسجد، سرسٹہ بازار، ابوالمعالی، شاہ مزالدین، دیوان ، بڑضیاء الحق، مسجد رشید، خانقاہ،معاویہ کالونی، وقف دارالعلوم،بیرون کوٹلہ، ریتی چوک وغیرہ پر کتوں کی دہشت ہے، اسکول آنے جانے والے طلبہ وطالبات و دیگر پر یہ کتے حملے کر دیتے ہیں جس کی متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات بھی کی گئی ہیں اور مقامی اخبارات کے ذریعے انتظامیہ کو بھی کئی بار آگاہ کیا گیا ہے لیکن آج تک کوئی حل نہیں نکلا۔ نجم عثمانی نے انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور نگر پالیکا افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر آوارہ کتوں کو پکڑوایا جائے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روزرحمن کالونی میں اسکول سے آنے والی ٹیچر پر کتوں نے حملہ کر دیا وہاں موجود کچھ لوگوں نے جنگلی کتوں سے ٹیچر کی جان بچائی ۔ یہ آوارہ کتے زیادہ تر محلے کی گلیوں میں بیٹھتے ہیں، جہاں سے چھوٹے بچوں اور خواتین کا بچ کر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے میونسپل بورڈ سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ان کتوں کو پکڑنے کے لیے جلد از جلد مہم شروع کی جائے،انہوں نے اعلیٰ افسران سے بھی اس سلسلے میں کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔

Comments are closed.