مرکزعلم ودانش علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تعلیمی وثقافتی سرگرمیوں کی اہم خبریں

اے ایم یو کے ویمنس پولی ٹیکنک میں دو روزہ اورینٹیشن پروگرام
علی گڑھ، 27 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس پولی ٹیکنک میں نئے سیشن کی طالبات کے لیے دو روزہ اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا گیا ۔
خطبہ استقبالیہ میں ویمنس پولی ٹیکنک کی پرنسپل ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے کہاکہ اورینٹیشن پروگرام طلباء و طالبات کو نئے تعلیمی ماحول سے واقف کراتا ہے، نئے کیمپس کے ساتھ ہم آہنگ ہونے میں ان کی مدد کرتا ہے، اور اساتذہ و ساتھیوں سے تعارف کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پروفیسر وینا مہیشوری، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن نے طالبات کو صحیح راستے پر گامزن کرنے میں اورینٹیشن پروگرام کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو سے وابستگی کا مطلب ترقی ، مثبت پیش رفت اور باہمی تعاون ہے ، اس عظیم ادارے میں پڑھنے سے ذہنی افق وسیع ہوتا ہے ۔
اورینٹیشن پروگرام کے پہلے سیشن میں اے ایم یو میں یو جی سی-ایم ایم ٹی ٹی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے اے ایم یو کی تاریخ پر ایک پرزنٹیشن دیا اور بانی درسگاہ سرسید احمد خاں کی تعلیمی و سماجی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
اورینٹیشن پروگرام کے دوسرے دن یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسرایم وسیم علی اور ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر رفیع الدین نے بالترتیب طلباء کے ضابطہ اخلاق 1985 اور طلباء کے لئے دستیاب سہولیات اور وظائف وغیرہ کے بارے میں گفتگو کی۔
اساتذہ سے طالبات کا تعارف بھی کرایا گیا ۔ ویمنس پولی ٹیکنک کی سیکشن انچارج ڈاکٹر شیبا منظور اور ڈاکٹر اجمل کفیل نے کیمپس کی سہولیات پر روشنی ڈالی، جب کہ کورس کے نصاب اور تعلیمی آرڈیننس پر بالترتیب محترمہ عمرہ مریم اور ڈاکٹر شاہنواز الدین نے گفتگو کی۔
کمپیوٹر انجینئرنگ سیکشن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جہانگیر عالم نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا جبکہ سیدہ شیرہ معین نے شکریہ ادا کیا ۔
٭٭٭٭٭٭
شعبہ کارڈیالوجی میں اینجیو پلاسٹی پر ورکشاپ کا انعقاد
علی گڑھ، 27 اگست: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کارڈیالوجی نے حال ہی میں اپنی جدید ترین کیتھ لیب میں اینجیو پلاسٹی کے پیچیدہ طریقہ کار پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں استنبول، ترکی سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر امراض قلب اور میموریل باہیلیولراسپتال سے وابستہ ڈاکٹر عمر گوکتیکن نے اینجیو پلاسٹی سے متعلق جدید تکنیکوں پر اپنے تجربات کے حوالہ سے گفتگو کی۔
ورکشاپ میں سینئر ریزیڈنٹس اور اساتذہ بشمول پروفیسر ملک اظہر الدین نے شرکت کی۔ صدر شعبہ پروفیسر آصف حسن نے کہا کہ ڈاکٹر گوکتیکن جیسے بین الاقوامی ماہرین سے استفادہ ہمارے طلباء اور محققین کے لئے بہت سودمند ہے اور یہ جے این ایم سی میں ایک ایڈوانسڈ کارڈیک سنٹر کے قیام کے لئے مددگار ہوگا ۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں دو روزہ خطاطی ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 27 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹس سینٹر (این آر ایس سی) نے حال ہی میں خطاطی کے مبادیات پر دو روزہ خطاطی ورکشاپ، ہال کے پرووسٹ پروفیسر برج بھوشن سنگھ اور کلب کے صدر ڈاکٹر عمار ابن انور کی رہنمائی میں منعقد کی۔ اس کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد مشفق (ہابیز سکریٹری) اور ڈاکٹر عبداللہ فیض الحسن (لٹریری سکریٹری) تھے۔
افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر اے ایم یو کے فائنانس آفیسر پروفیسر محمد محسن خان اور مہمانان اعزازی کے طور پر شعبہ فائن آرٹس کی پروفیسر بدر جہاں اور اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل و شعبہ معالجات کے چیئرپرسن پروفیسر بدر الدجیٰ خان نے شرکت کی۔
پروفیسر بدر جہاں نے اسلامی خطاطی پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے خطاطی کی مختلف اقسام پر تفصیل سے روشنی ڈالی، جب کہ پروفیسر بدر الدجیٰ خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ تاج محل اور اے ایم یو جامع مسجد کے گیٹ پر موجود منقش خطاطی ایک ہی خطاط کی لکھی ہوئی ہیں۔ پروفیسر محسن خان نے کہاکہ اگر تحریر عمدہ ہو تو امتحان میں اچھے نمبر ملتے ہیں اور خوبصورت تحریر سبھی کو پسند ہوتی ہے، اس لحاظ سے خطاطی سیکھنا ایک سودمند مشغلہ ہے۔
آخر میں ڈاکٹر عمار ابن انورنے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ورکشاپ میں لائیو ڈیمونسٹریشن کے ساتھ خطبات ہوئے۔ فکر ونظر دفتر کے ریٹائرڈ سیکشن آفیسر مسٹر ساجد علی خاں نے اردو نستعلیق رسم الخط کا مظاہرہ کیا، جب کہ خلیق احمد نظامی مرکز علوم القرآن، اے ایم یو کے مسٹر محمد ایوب خان اور البرکات کالج کی مسز صالحہ خلیل نے خطاطی میں گرافکس کے استعمال پر خطبات دئے۔ ورکشا پ کے انعقاد میں عنبر زیدی ، عبدالواثق اور این آر ایس سی کے دیگر افراد نے تعاون کیا۔
٭٭٭٭٭٭
شیور ورکشاپ کے دوران ماہرین نے انتریپرینیورشپ کی باریکیوں پر گفتگو کی
علی گڑھ، 27 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کامرس کے زیر اہتمام جاری دس ہفتہ کے’ اسٹیمولیٹنگ اربن رنیول تھرو انٹرپرینئرشپ (شیور) ورکشاپ کے دوران مختلف ماہرین نے انتریپرینیورشپ کے فروغ، قانونی امور، اکائونٹنگ اور ٹیکسیشن وغیرہ کے امور و مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور شرکاء کی رہنمائی کی۔ شیور ورکشاپ امریکہ کی ہیوسٹن یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقد کی گئی ہے۔
ورکشاپ کا چوتھا سیشن ’اکاؤنٹنگ، لاگت، قیمتوں کا تعین اور ٹیکسیشن‘ پر مرکوز تھا ۔
ریسورس پرسن چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ مسٹر انیل وارشنے نے کاروبار کی بنیادی باتوں اور کاروباری اداروں کی اقسام پر گفتگو کرتے ہوئے رجسٹریشن کے طریق ہائے کار کے بارے میں بتایا۔انھوں نے حساب کتاب (بک کیپنگ) درست رکھنے پر زور دیا اور ٹیکسوں کی اقسام، ان کی ادائیگی، انکم ٹیکس، آئی ٹی آر فائلنگ اور جی ایس ٹی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی منصوبہ بندی قانونی پریشانیوں سے بچنے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس فوائد حاصل کرنے کا ایک قانونی طریقہ ہے۔ اس سیشن میں نبیلہ مرزا نے شکریہ کی تجویز پیش کی۔
لیگل فریم ورک اور انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ پرمرکوز پانچویں سیشن کے دوران ریسورس پرسن، انڈین فنانشل سروسز لمیٹڈ، نئی دہلی کی نائب صدر-قانونی مسز شروتی سرین نے مختلف قسم کے کاروباری اداروں کے بارے میں جامع گفتگو کی اور کاروبار کے انتخاب کے مختلف عوامل، کاروبار اور اسٹارٹ اپ کی شروعات اور کاروباری ترقی کے سلسلہ میں رہنمائی کی۔ انھوں نے مثالوں سے سمجھانے کے لئے مائنڈ ٹری اور فاریسٹ ایسنشیئلز کے مالکان کی کیس اسٹڈی پیش کی اور اسٹارٹ اپ کے چیلنجز کا ذکر کیا۔ انہوں نے حکومت کی اسٹارٹ اپ پالیسیوں کا ایک جائزہ بھی پیش کیا۔
دوسرے ریسورس پرسن، آربٹ لا سروسز کے ایسوسی ایٹ مسٹر پرتھ راج پراسرنے اودّیم، ایم ایس ایم ای ، ٹین اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا (فسائی) میں رجسٹریشن کے عمل اور ضروری کاغذی کارروائی پر گفتگو کی۔انہوں نے جی ایس ٹی اور جیم پورٹل کے رجسٹریشن کے طریقہ کار کی بھی وضاحت کی اور شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ، کمپنیز ایکٹ اور اہم لیبر قوانین پر روشنی ڈالی۔ زونیبہ خالق نے اس سیشن کی نظامت کی اور شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل شیور پروگرام کی کنوینر اور ڈائریکٹر پروفیسر آسیہ چودھری نے ریسورس پرسنز اور معززین بشمول شیور پروگرام کے چیئرپرسن پروفیسر محمد محسن خان، ڈاکٹر انوار احمد اور ورکشاپ کے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔
٭٭٭٭٭٭
Comments are closed.