بچپن بچاؤ مہم کی پہلی مشاورتی نشست معروف عالم دین مفتی محمد اشفاق قاضی کی صدارت میں اسلام جمخانہ میں منعقد

 

ممبئی (پریس ریلیز) معروف سماجی کارکن اور سابق ایم ایل اے فیاض احمد خان کی تحریک پر بچپن بچاؤ مہم کی پہلی کامیاب مشاورتی نشست اسلام جمخانہ مرین لائن میں منعقد کی گئی، اس مہم کا مقصد چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کا موبائل میں مصروف رہ کر اپنے قیمتی اوقات کو ضائع کر نا اور دیگر ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہونے والے بچوں کو اس کے مضر اثرات سے بچانا ہے، اسی مقصد کے تحت معروف عالم دین مفتی محمد اشفاق قاضی کی صدارت میں اسلام جمخانہ مرین لائن میں ایک اہم مشاورتی نشست منعقد کی گئی جس میں شہر کے معزز علمائے کرام، دانشوران عظام اور صحافی شریک ہوئے، مہمان خصوصی کی حیثیت سے عرب مسجد مدنپورہ کے امام و خطیب قاری امیر عالم قاسمی موجود تھے، پروگرام کی نظامت مہاراشٹر کالج کے شعبہ عربی کے پروفیسر محمد بلال نے بحسن و خوبی انجام دیا، اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد اشفاق قاضی نے کہا کہ بچپن بچاؤ مہم اپنے آپ میں ایک انوکھی پہل ہے اور بہت ہی مبارک کوشش ہے، فیاض احمد خان بہت ہی متحرک اور فعال انسان ہیں، انہیں سماجی کاموں کے ساتھ سیاست کا بھی اچھا تجربہ ہے، بچپن بچاؤ مہم کے آغاز پر میں فیاض احمد خان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ میری جہاں بھی ضرورت ہوگی میں فیاض احمد خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا انشاءاللہ، مہمان خصوصی قاری امیر عالم قاسمی نے کہا کہ فیاض احمد خاں کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے، انہوں نے مدنپورہ کے نوجوانوں کو خرافات سے بچانے کے لیے کرکت اور دیگر کھیل مقابلوں کا اہتمام کیا جس کا مقصد یہی تھا کہ بچے مثبت اور صحت مند کھیل سے جڑے رہیں، غلط کھیلوں اور غلط کاموں میں نہ لگیں اور آج اسی کی بدولت بہت سارے نوجوان سرکاری نوکری سے لگے ہوئے ہیں، یقیناً فیاض احمد خان کا جذبہ نیک ہے اور میں اپنی جانب سے فیاض احمد خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوں اور انشا اللہ اس مہم کو کامیاب کرنے کے لیے مساجد سے بھی اعلان کیا جائے گا، آل انڈیا علماء بورڈ کے صدر مولانا نوشاد صدیقی نے کہا کہ بچے ہماری قوم کے مستقبل ہیں، ان کی حفاظت گویا ہم اپنے مستقبل کی حفاظت کررہے ہیں اور یہ ہمارا صرف اخلاقی فریضہ ہی نہیں بلکہ یہ ہمارا دہنی فریضہ بھی ہے، بچوں کے رسالے ماہنامہ گل بوٹے کے بانی و ایڈیٹر فاروق سید نےاپنے تجربات کی روشنی میں کہا کہ گو کہ یہ کام بہت مشکل ہے لیکن کام بہت ہی نیک ہے اور اس کے بہت ہی دوررس اثرات مرتب ہوں گے انشا اللہ، علماء بورڈ کے جنرل سیکریٹری علامہ بنی نعیم حسنی نے بچپن بچاو مہم کو سراہتے ہوئے اپنی جانب سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا، رستم ہند اصحاب پہلوان نے کہا کہ میں نے مدنپورہ جیسے علاقے میں بہت سارے مسائل کا سامنا کیا ہے، اور مجھے یہاں تک پہنچانے میں فیاض احمد خان کا بہت اہم کردار ہے، دیگر خطاب کرنے والوں میں مولانا عبدالحکیم، مولانا عبدالجلیل مکی شامل ہیں، ان حضرات نے بھی فیاض احمد خان کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اس مبارک قدم کو سراہا اور کہا کہ کام مشکل ضرور ہے لیکن فیاض احمد خان نے بیڑا اٹھایا ہے تو کامیابی کی منزل تک ضرور پہونچے گا، اخیر میں انجمن باشندگان بہار ممبئی کے جنرل سیکریٹری محمود حکیمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا.

Comments are closed.