جمعیۃ علماء ضلع بھوپال کی مجلس منتظمہ کی میٹنگ منعقد

 

بھوپال: جمعیۃ علماء ضلع بھوپال کے دفتر جامعہ حفظ القرآن چندن نگر بھانپور بھوپال میں ضلعی جمعیۃ کی مجلس منتظمہ کی میٹنگ ضلع صدر حافظ محمد اسمعیل بیگ صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں گزشتہ میٹنگ میں طے کیے ہوئے، امور کی کارگزاری پیش کی کئی، بعد ازاں جمعیۃ علماء دینی تعلیمی بورڈ ضلع بھوپال کی دس افراد پر مشتمل ایک فعال کمیٹی مولانا اطہر ندوی کی صدارت کو باقی رکھتے ہوئے تشکیل دی گئی، اسی کے ساتھ چند اہم امور پر تبادلۂ خیال کے بعد متفقہ آرا سے جو فیصلے لیے گئے وہ درج ذیل ہیں:

جمعیۃ علماء ضلع بھوپال کی ٹیم کے کچھ افراد جماعت بنا کر ضلع بھوپال کی تمام تحصیلوں کے دورے کر کے ہر تحصیل کی کمیٹی کو اس بات پر آمادہ کریں کہ وہ افراد سازی کر کے اپنی اپنی تحصیل کے دیہاتوں و پنچایتوں کی علاقائی کمیٹیاں بنائیں اور ان کو متحرک کریں۔

جمعیۃ علماء ہند کے جو مرکزی پروگرامس ہیں ان کو ضلع کی ہر تحصیل کے ہر گاؤں و پنچایت میں پہنچایا جائےگا اور زمینی سطح سے ان پر محنت کے لئے علاقائی کمیٹیوں و لوگوں کو متحرک بنایا جائے گا۔

جمعیۃ علماء دینی تعلیمی بورڈ ضلع بھوپال کی تشکیل کردہ کمیٹی کے ممبران اپنے اپنے علاقوں و اطراف میں منظم مکاتب کے زیادہ سے زیادہ قیام پر خصوصی محنت کریں اور پہلے سے قائم شدہ مکاتب کو دینی تعلیی بورڈ سے منسلک کر کے منظم و مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔

اس موقع پر صدر مجلس نے حالات حاضرہ پر جامع گفتگو فرمائی اور ان حالات میں مرکزی جمعیۃ علماء ہند کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کی رہنمائی میں کام کرنے کے لائحہِ عمل سے واقف کرا کر مجلس منتظمہ کے تمام شرکا اراکین سے ہر قسم کی محنت و قربانی کے عزائم لیے، اخیر میں صدر مجلس کی دعا پر نشست کا بخیر اختتام ہوا۔

Comments are closed.