تحفظ اوقاف کانفرنس کو موثر اور تاریخی بنائیں : پروفیسر شکیل قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز)آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت کے مطابق تمام ملی تنظیمیں سرگرم عمل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف بذریعہ میل مسلمان بڑی تعداد میں اپنی رائے بھیج رہے ہیں، ان کے اندر عوامی سطح پر بیداری بھی پائی جا رہی ہے، ملت کی اجتماعی اور متحدہ کوششوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس بیداری کو برقرار رکھتے ہوئے اِسے بامقصد تحریک میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر علاقے میں پائی جانے والی یہ بیداری 15 ستمبر کو امارت شرعیہ کے زیر اہتمام پٹنہ کی تحفظ اوقاف کانفرنس کو موثر اور تاریخی بنائے گی۔ مذکورہ خیالات کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے مدعو خصوصی، امارت شرعیہ کے رکن شوریٰ و ارباب حل و عقد، فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی پٹنہ نے اپنے بیان میں کیا۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ وقف ترمیمی بل 2024 کی خرابیوں سے لوگ جیسے جیسے واقف ہو رہے ہیں، اس بل کے خلاف ان کی آواز بلند ہو رہی ہے۔ وہ اس غیر منصفانہ اور ظالمانہ بل کو مکمل طور پر مسترد کرنے کا مطالبہ کرنے لگے ہیں، جو خوش آئند ہے۔

Comments are closed.