مہاراشٹر: کانگریس صدر کھڑگے نے بی جے پی-آر ایس ایس پر کیا زبردست حملہ

ممبئی(ایجنسی)کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج مہاراشٹر کے سانگلی میں عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس پر زوردار انداز میں حملہ کیا اور آئین کو لاحق خطرات سے عوام کو آگاہ کیا۔ انھوں اپنی تقریر کے دوران مہاراشٹر میں برسراقتدار اتحاد ’مہایوتی‘ کے ساتھ ساتھ پی ایم مودی کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ اس تقریب میں کھڑگے کے علاوہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل دونوں لیڈران نے کانگریس کے آنجہانی لیڈر اور سابق وزیر ڈاکٹر پتنگ راؤ کدم کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی اور ان کی یاد میں تیار میوزیم کو عوام کے حوالے کیا۔
اپنے خطاب کے دوران کانگریس صدر کھڑگے نے ڈاکٹر پتنگ راؤ کدم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صفر سے شکھر (عروج) تک پہنچے، ان کی زندگی ایک معمولی استاد کی کامیابی کی داستان ہے۔ وہ لوگوں کے لیے ترغیب کا ذریعہ ہیں۔ ایک غریب کسان کنبہ میں پیدا ہو کر اپنی محنت اور ویژن کی طاقت سے انھوں نے تعلیم کے شعبہ میں شاندار کام کیا۔
ملک کے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس آئین کو ختم کرنے پر آمادہ ہے۔ آر ایس ایس تعلیم کے شعبہ میں اپنا ہاتھ پھیلا رہی ہے اور وہ نصاب کو بھی بدل رہی ہے۔ وہ آئین کو ہٹانا چاہتی ہے، لیکن کانگریس ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی اور آر ایس ایس بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن کانگریس ایسا ہونے نہیں دے گی۔ آئین بچانے کے لیے ہم مضبوطی کے ساتھ لڑیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آج آئین کی مخالفت کرنے والوں کے ہاتھ میں اقتدار چلا گیا ہے۔ نریندر مودی اپوزیشن کی حکومتوں کو توڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخاب میں انڈیا اتحاد اکثریت کے قریب آ گیا، اگر اتحاد کو 20 سیٹیں زیادہ ملتیں تو مودی حکومت مرکز میں نہیں ہوتی۔ اس سے آپ کو سمجھنا چاہیے کہ آپ کے پاس طاقت ہے، آپ ہی حالات کو بدل سکتے ہیں۔‘‘
اس دوران کھڑگے نے شیواجی مہاراج کی مورتی ٹوٹنے کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے پی ایم مودی کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ اس سے مہاراشٹر کا نام پورے ملک میں بدنام ہوا ہے، مہاراشٹر اور ملک کی بے عزتی ہوئی ہے۔

Comments are closed.