مولانا خالدسیف اللہ رحمانی کے زیرصدارت کولکاتہ میں تحفظ اوقاف کانفرنس کی تیاری جاری

10ستمبر کو جنرل سکریٹری،اراکین مسلم پرسنل لاء بورڈ اورسرکردہ شخصیات کی شرکت ہوگی
کولکاتہ: 6ستمبر(پریس ریلیز)
آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے حسب ہدایت کولکاتہ میں 10ستمبر،بروز منگل کو تحفظ اوقاف کانفرنس کا اہتمام کیاجارہاہے، کانفرنس کی صدارت فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب دامت برکاتہم صدرآل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ فرمائیں گے جب کہ مہمان خصوصی حضرت مولانا شاہ فضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ہوں گے، نیز دیگر اہم مہمانوں میں ممتازدانشور ڈاکٹرسیدظفرمحمود،چیئرمین زکوۃ فاؤنڈیشن،دہلی،جناب مولاناانیس الرحمن قاسمی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل، ورکن عاملہ مسلم پرسنل لاء بورڈ،جناب احمد اشفاق کریم رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ساتھ بورڈ کے متعدد اراکین اور مختلف ملی تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں کی بھی شرکت ہوگی، کانفرنس کے کنوینر کی ذمہ داری جناب مولانا محمدابوطالب رحمانی صاحب رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ،چیئرمین مولاناابوالکلام آزادسنٹر پٹنہ و ٹرسٹی امارت شرعیہ پٹنہ انجام دیں گے، یہ کانفرنس 10ستمبر کو صبح نوبجے سے دوپہر دوبجے تک مائرہ ہال، پرساد اسکوائر، 164اے،جے سی بوس روڈ،انٹالی کولکاتہ،(نزدجوڑاگرجا)میں منعقد ہوگی،ان شاء اللہ،مہمانوں کے لیے بعد نماز ظہر طعام کا بھی نظم رہے گا۔
کنوینر کانفرنس جناب مولانامحمدابوطالب رحمانی(جنھیں مسلم پرسنل لاء بورڈ نے مغربی بنگال میں تحریک کی ذمہ داری دی ہے)نے تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ اس کانفرنس میں ملک بھرسے مقتدر علماء، دانشوران اور سرکردہ شخصیات کی تشریف آوری ہوگی اور کلیدی شخصیات کا خطاب ہوگا، عوام وخواص کو اس سیمستفید ہونے کے لیے شرکت یقینی بنانا چاہیے، مہمانوں کی سہولت کے لیے ہرطرح کے انتظامات کیے جارہے ہیں، چھوٹی،بڑی گاڑیوں کے لیے پارکنگ اورخواتین کے لیے پردہ کا بھی نظم ہے، ان شاء اللہ ہم سب مل کر ملی بیداری کا ثبوت پیش کریں گے، کانفرنس کے مقامی ذمہ دار پوری گرم جوشی کے ساتھ تیاری میں مصروف ہیں، ان شاء اللہ اس تاریخ ساز اجلاس کے ذریعہ ہم مسلمان واضح پیغام دیں گے کہ وقف جائداد کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ قطعی قابل برداشت نہیں ہے اور حکومت ان ترامیم کو واپس لے اور بل کی پیشی کی کوشش نہیں کرے، ہمیں کوئی بھی ترمیم منظور نہیں ہے۔
مولانا رحمانی نے ائمہ مساجد اور ہرعلاقہ کے سماجی کارکنان، متحرک نوجوانوں اور فعال شخصیات سے اپیل کی ہے کہ وہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جاری کیو آرکورڈ کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ای میل بھجوائیں اور لوگوں کی رہنمائی کریں نیز 10ستمبر کے اجلاس کولکاتہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کے ساتھ شریک ہوں،اللہ ہم سب کا حامی وناصرہو، آمین
Comments are closed.