قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے رشدو ہدایت کا ذریعہ : مولانا رضوان احمد قاسمی

مدرسہ اسلامیہ سہسپور میں تقریب تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دارالعلوم دیوبند وقف کے سابق استاد کا خطاب
جالے(محمد رفیع ساگر /بی این ایس) مقامی بلاک کے مدرسہ اسلامیہ سہسپور جوگیارہ میں تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی ۔مدرسہ ہذا کے طالب علم محمد ہدایت اللہ نروچھ نے حفظ مکمل کیا ۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند وقف کے سابق استاد مولانا رضوان احمد قاسمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حافظ قرآن کا اللہ تعالی کے نزدیک بڑا مقام ہے اور یہ مقام اور تقرب حفظ قرآن کریم کی برکت کی وجہ سے ہے ۔ ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی مبارک مجلس میں ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالی کے کچھ خاص بندے ہوتے ہیں آپ کے اس ارشاد پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم متوجہ ہوئے اور اشتیاق و تجسس کے ساتھ سوال کیا ، یا رسول اللہ! وہ کون لوگ ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا حافظ قرآن، ان کا بڑا مقام ہے اور یہ لوگ اہل اللہ اور خاصان خدا ہیں ۔
اسی طرح مولانا عبدالحسیب قاسمی ندوی نےکہاکہ حافظ قرآن کا درجہ اور مقام و رتبہ اسلام کی نظر میں بہت ہی بلند ہے ۔ قرآن مجید کی تعلیم و تعلم میں مصروف رہنے والے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر میں اچھے اور پسندیدہ ہیں، چنانچہ ارشاد نبوی ہے کہ تم میں بہتر وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔
اسکے علاوہ محمد غفران نے تلاوت کلام اللہ اور قاری محمد اشفاق کریمی نے نعت نبی پیش کی اور آخر میں مدرسہ ہذا کے صدرالمدرسین مولانا محمد عنایت اللہ قاسمی نے اظہار تشکر پیش کیا اس موقع پر حافظ احمد علی مولانا اعجاز احمد قاسمی غیبی پوری ،قاری عبدالماجد، مولانا سہیل احمد قاسمی ،محمد مجاہد الاسلام عرف دلارے، ماسٹر آفاق، محمد رفیق ،محمد عثمان ،مولانا رضوان مفتاحی ،مولانا عرفان قاسمی پپراڑھی، قاری مظفرکمال انجم کے علاوہ طلبہ وطالبات اور کئی سرکردہ شخصیات موجود تھے۔

Comments are closed.