وقف جائیدادوں پر حکومت ٹیڑھی نظر رکھتی ہے: مولانافرید مظاہری

اوقاف کے تحفظ کے سلسلہ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ اور مہتمم دارالعلوم کے پیغام کی روشنی میں عوام کو بیدار کیاگیا
دیوبند،7؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
مرکزی حکومت کے وقف ترمیمی بل کے خلاف سماج میں بیداری مہم کو مسلسل سماجی و ملی تنظیموں کی جانب سے تقویت مل رہی اور لوگوں کو اوقاف کے تحفظ کے تئیں ان کی ذمہ داریوں کا احساس کرانے کے ساتھ ساتھ جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی(جے پی سی) کو اس بل کی مخالفت میں اپنی رائے بھیجنے کے لئے متوجہ کیا جارہاہے۔اس سلسلہ میں آج جامع مسجد کلاں سہارنپور میں مسجد کے منیجر و جمعیۃ علماء ہند کے ضلع نائب صدر مولانافرید مظاہری کی قیادت میں لوگوںکو بیدار کرنے کے ساتھ مسلم پرسنل لاء بورڈ اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کی اپیل کی جانب عوام کی توجہ مبذول کرائی ۔اس موقع پر مولانا فرید مظاہری نے کہاکہ حکومت وقت مسلمانوں کے اآباو اجداد کے ذریعہ قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کی گئی جائیدادوں پر ٹیڑھی نظر رکھتی ،اوقاف کو لیکر حکومت کی نیت ٹھیک معلوم نہیںہوتی ہے اسلئے ہم سب کی ذمہ داری ہے حکومت کے اس بل نہ صرف مخالفت کریں بلکہ جے پی سی کے ذریعہ طلب کی گئی آراء کثیر تعداد میں جلد از جلد ارسال کریں اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذریعہ بتائے طریقہ کا استعمال کرکے ای میل بھیج کر اس بل کی مخالفت کریں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے اکابرین بالخصوص دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس سلسلہ میں ملت اسلامیہ کی واضح رہنمائی فرمائی ہے،ہمیں حضرت والا کی اپیل کی روشنی میں نہ صرف اس بل کی مخالفت کرنی چاہئے ہے بلکہ اپنے رائے بھی ای میل کے ذریعہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ملت اسلامیہ کا ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور دینی وشرعی تقاضہ کے مدنظر جے پی سی کو اپنی رائے ضرور بھیجیں۔ مولانا فرید مظاہری نے کہاکہ وقف اسلام کا ایک اہم ترین عمل ہے اور مالی عبادت کا درجہ رکھتاہے، پوری ملت کا فریضہ ہے کہ حکومت کے ذریعہ لائے گئے بل کی مخالفت کریں کیونکہ یہ بل پوری طرح وقف کے تحفظ اور اس کے مقاصد و انتظامی ہیئت کو نقصان پہنچانے کے لئے بنایاگیا۔ اس دوران جامع مسجد کلاں کے گیٹ پر مسلم پرسنل لاء بورڈ اور دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کا پیغام چسپاں کرکے لوگوںکواس سلسلہ میںمعلومات فراہم کرتے ہوئے بیدار کیاگیا۔ اس دوران حاجی ایم شاہد زبیری،مولانا عبدالعلیم،مولانامحمد عیسیٰ،محمد مرسلین،تسلیم احمد،ماسٹر محمود،حافظ فیصل شاہ،ڈاکٹر سلیم وغیرہ موجودرہے۔

Comments are closed.