ربیع الاول تمام مہینوں میں امتیازی وصف کا حامل مہینہ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات پابند بنیں : مفتی وقاص ہاشمی
دیوبند،7؍ ستمبر(سمیر چودھری؍بی این ایس)
روحانی معالج مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ ربیع الاول تمام مہینوں میں ایک امتیازی وصف کا حامل مہینہ ہے اور وہ امتیازی وصف یہ ہے کہ ماہ ربیع الاول کا خصوصی تعلق اس مقدس ذات سے ہے جس کے لئے اس کائنات کی تخلیق ہوئی، یعنی سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم، کہ اسی مہینہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں تشریف لائے اور اسی مہینہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوا۔ جاری بیان میں مفتی وقاص ہاشمی نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور محمدؐ کی لائی ہوئی شریعت کے سلسلہ میں بس ہماری زبانوں پر دعویٔ مہر و وفا کے سوا کچھ نہیں ہے اور جب تک ہمارے یہ فلک بوس دعوے جو چند سیرتی جلسے اور عید میلاد النبی کے محدود دائرہ سے نکل کر اس عملی جامہ میں ملبوس نہیں ہو جاتے جس کو اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ سلم نے ہمیں عطا کیا تھا تب تک یقین کیجئے ہماری ذلت و خواری میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی اور توہین کا ارتکاب صرف غیر مسلم ہی نہیں بلکہ مسلمان بھی کر رہے ہیں وہ اس طرح کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جس دین کے ارتقاء کے لئے اپنوں کی جفا، غیروں کے ستم سہے، اسی دین کو آج ہم مسلمانوں نے نظر انداز کر دیا۔ کیا یہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ سلم کی کھلی توہین نہیں ہے؟ کیا ہم اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے احکامات اور ممنوعات پر عمل پیرا ہیں؟ اگر نہیں ہیں تو کس بات کے عاشق رسول ؐہیں، ارے عاشق رسول ؐتو بہت دور کی بات ہم مسلمانوں کا جو موجودہ بے حسی کا عالم ہے ایمان کی بقا ہی بہت ہے۔ قرآن نے صاف کہہ دیا کہ تمہارے لئے سب سے بہترین نمونۂ حیات خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہے۔ یہی وہ مقدس ذات ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں تمہاری رہنمائی کرے۔ جوش میں آکر اشتعال انگیز بیانات اور سڑکوں پر ہنگامہ کرنے کے بجائے اگر ہم خود کو ان احکامات کا پابند بنالیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے توسط سے اللہ نے ہم تک پہنچائے ہیں تو یہی لوگ جو آج توہین رسولؐ کر رہے ہیں حضور صلی اللہ علیہ سلم کی شان میں قصیدے پڑھیں گے۔

Comments are closed.