جمعیۃ علماء گوونڈی کا میقاتی انتخاب مکمل، حافظ شمس الحق صدر، مولانا صدرعالم قاسمی جنرل سکریٹری اور مفتی محمد احمد قاسمی خازن منتخب

پانچ نائب صدور، پانچ نائب سکریٹری اور ایک معاون خازن کا انتخاب بحسن و خوبی اختتام پذیر
ممبئی (نمائندہ خصوصی) جمعیۃ علماء گوونڈی کی انتخابی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے کی، میٹنگ کا آغاز مفتی حفظ الرحمن قاسمی امام و خطیب کرلا جامع مسجد کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بارگاہ رسالت مآب میں نعت نبی کا نذرانہ مولانا احمد حسین قاسمی امام و خطیب دارارقم مسجد نے پیش کیا، نظامت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے جمعیۃ علماء شمال مشرقی زون کے جنرل سیکریٹری مولانا اسید قاسمی نے جمعیۃ علماء کی مختصر تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے آج کی انتخابی میٹنگ کے مقاصد اور اس کے طریقہ کار کو تفصیل سے بیان کیا، مولانا نے کہا کہ انتخابی عمل کا مقصد کاموں کو منظم طریقے سے چلانا ہوتا ہے، ورنہ جمعیۃ کے سبھی ممبران و کارکنان جمعیۃ کے اہم فرد ہیں اور ہرایک کی اپنی جداگانہ حیثیت ہے، کسی کا مرتبہ کسی سے کم نہیں ہے، اس موقع پر رخصت پذیر صدر مولانا محسن خان نے کہا کہ میں اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہورہا ہوں، لیکن جمعیۃ کے ایک فرد کی طرح جیسے پہلے کام کررہا تھا آئندہ بھی اسی لگن سے کرتا رہوں گا، انہوں نے تمام ممبران سے اپیل کی کہ جو بھی نیا صدر بنے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان کا بھرپور تعاون کریں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کام کریں اور جمعیۃ علماء کو مضبوط کریں، مرکز سے تشریف لائے مشاہد مفتی حفظ الرحمن قاسمی نے انتخاب کے اصول و ضوابط پر روشنی ڈالی اور پھر صدر مجلس مولانا اشتیاق احمد قاسمی کے حکم سے انتخابی عمل کا باضابطہ آغاز ہوا، گوونڈی یونت کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد صدر عالم قاسمی نے مولانا محسن خان کی صدارت کے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے نئی میقات کے لیے نئے صدر کے طور پر حافظ شمس الحق کا نام پیش کیا جسے ممبران نے صوتی ووٹ اور اپنے ہاتھ اٹھاکر حافظ شمس الحق کی تائید کی اور حافظ شمس الحق بلامقابلہ جمعیۃ علماء گوونڈی یونٹ کے صدر منتخب ہوئے، صدر کے انتخاب کے بعد جنرل سکریٹری کے عہدے کے لیے موجودہ جنرل سیکرٹری مولانا محمد صدرعالم قاسمی کا نام پیش کیا گیا، ممبران نے مولانا کے نام کی بھرپور تائید کی اور مولانا صدرعالم قاسمی جنرل سکریٹری کے عہدے پر حسب سابق بحال رہے، خازن کے عہدہ کے لیے موجودہ خازن مفتی محمد احمد قاسمی کا نام پیش کیا گیا اور ممبران نے ان کے نام کی بھی تائید کی اور مفتی محمد احمد قاسمی خازن کے عہدے پر برقرار رکھے گئے،ناظم نشرو اشاعت کے لئے مولانا محمد صدرعالم قاسمی نے مولانا غفران ساجد قاسمی کا نام پیش کیا جسے ممبران نے پسند کیا، نائبین صدور کے لیے یوسف پٹیل، مولانا مبارک ندوی، مولانا محفوظ الرحمان قاسمی، ماسٹر زین العابدین، مفتی شکیل قاسمی کا انتخاب عمل میں آیا، نائب سکریٹری کے لیے مولانا ثناء اللہ غازی، محمد افضل بیگ والے، حاجی نعیم، حافظ ولی اللہ، حافظ عبدالباری کو منتخب کیا گیا اور معاون خازن کے لیے مولانا اشفاق قاسمی امام و خطیب مسجد عائشہ گوونڈی کا انتخاب کیا گیا، اس موقع پر کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی اور نئی میقات کے منتخب اراکین کو اپنی تائید سے نوازا، مفتی حفظ الرحمان قاسمی کی دعا پر میٹنگ کا اختتام ہوا۔

 

Comments are closed.