پروفیسر نفیس احمد خاں فیکلٹی آف لائف سائنسز میں نئے ڈین مقرر

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات کے پروفیسر نفیس احمد خاں کو 10 ستمبر 2024 سے دو سال کی مدت کے لیے فیکلٹی آف لائف سائنسز کا نیا ڈین مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر خان ایک طویل عرصے سے پلانٹ فزیالوجی پڑھا رہے ہیں۔ انھوں نے 20 سے زائد کتابیں، 40کتابی ابواب اور 210 سے زائد تحقیقی مقالے لکھے ہیں، جن کاایچ -انڈیکس 76 ہے۔ انھیں یوجی سی کریئر ایوارڈ، یوجی سی مِڈ کریئر ایوارڈ، ٹیچنگ ایکسیلنس ایوارڈ، ریسرچ ایکسیلنس سائٹیشن ایوارڈ 2023 (کلیریویٹ انالیٹکس) اور ریسرچ ڈاٹ کام کے پلانٹ سائنس و ایگرینومی ایوارڈ 2023 سے نوازا جاچکا ہے۔
وہ نیشنل اکیڈمی آف سائنسز، لینین سوسائٹی آف لندن، انڈین بوٹینیکل سائنس اور انڈین سوسائٹی آف پلانٹ فزیالوجی کے فیلو ہیں۔ وہ کئی جرائد کے ایڈیٹوریل بورڈ کے رکن ہیں جن میں پلانٹ فزیالوجی اینڈ بایو کیمسٹری، اینالز آف فائٹو میڈیسن وغیرہ شامل ہیں۔ وہ جرنل آف فنکشنل اینڈ انوائرمینٹل باٹنی کے ایڈیٹر ان چیف (2011-2013)، انڈین جرنل آف پلانٹ فزیالوجی کے ایڈیٹر (2016) اور دیگر کئی تحقیقی رسالوں کے خصوصی شماروں کے مہمان ایڈیٹر رہ چکے ہیں۔
ان کی تحقیقی دلچسپی کے موضوعات میں گروتھ و فوٹوسنتھیٹک پروسیز، اینٹی آکسیڈینٹ نظام اور ابیوٹک اسٹریس فیکٹرز شامل ہیں۔ ان کے تحقیقی نتائج کو پلانٹ سائنسز اور پلانٹ فزیالوجی کے ممتاز تحقیقی رسالوں میں شائع کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وہ شعبہ نباتیات کے چیئرپرسن اور محمد حبیب ہال کے پرووسٹ بھی رہ چکے ہیں.

Comments are closed.