جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو شعبۂ خواتین کی جانب سے والدین کی رہنمائی کے لیے "پرورش” پیرنٹنگ سیریز کا آغاز
ممبئی (نمائندہ) جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو شعبۂ خواتین نے 14 ستمبر 2024 کو انجمن اسلام بیگم جمیلہ حاجی عبدالحق گرلز ہائی اسکول (یاری روڈ) میں "پرورش” کے عنوان سے پیرنٹل گائیڈنس ورکشاپ سیریز کا آغاز کیا۔ یہ ورکشاپ صبح 8 بجے سے 9:30 کے درمیان منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز سورۃ التحریم کی آیت نمبر 6 کی تلاوت و ترجمہ سے ہوا جسے مقامی ناظمہ صفیہ خان نے پیش کیا۔ افتتاحی خطاب میں ممبئی میٹرو سیکریٹری ریحانہ دیشمکھ نے ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ "بچوں کی پرورش ہمیشہ سے ایک پیچیدہ عمل رہا ہے، لیکن موجودہ دور کی ٹیکنالوجی، معاشرتی دباؤ اور ثقافتی تبدیلیوں نے اسے مزید چیلنجنگ بنا دیا ہے۔” مزید کہا کہ "آج کل کے بچے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل گیجٹس میں زیادہ مصروف ہیں، جس کے نتیجے میں جارحانہ رویے، بڑوں کے احترام میں کمی، تعلیم سے عدم دلچسپی اور دیگر سماجی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ والدین کے لیے یہ ایک مشکل صورتحال ہے، اور اسی تناظر میں یہ ورکشاپ منعقد کیا گیا تاکہ بچوں کی تعلیم اور پرورش میں والدین کو رہنمائی فراہم کی جا سکے۔”
ورکشاپ کے مرکزی مقرر مکینیکل انجینئر اور موٹیویشنل اسپیکر عبدالوحید نے "بچوں کی تعلیمی رہنمائی میں والدین کا کردار” پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہر بچہ منفرد ہوتا ہے اور کسی بھی بچے کو کمزور سمجھنا درست نہیں۔ بچوں کو ایک ہی معیار پر پرکھنا غلط ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو قبول کریں اور اُن کی تربیت اپنی ذمہ داری سمجھ کر کریں۔”
عبدالوحید نے والدین کو نصیحت کی کہ "بچوں کو مثبت رویے کی طرف راغب کریں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور ان کی غلطیوں پر سختی کریں لیکن جسمانی سزا سے پرہیز کریں۔”
پروگرام کا اختتام صفیہ خان نے والدین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیا۔ نظامت کے فرائض نغمہ شیخ (رکن جماعت اسلامی) نے انجام دیے۔
تقریباً 75 والدین نے اس ورکشاپ سے استفادہ کیا۔
Comments are closed.