حضرت محمد ﷺ کی سیرت ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ: وزیر اعلیٰ تلنگانہ
ملک سے نفرت کے ماحول کو ختم کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی تصنیف پیغمبر عالم کی رسم اجرا
حیدر آباد / ایجنسی
محسنِ انسانیت حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور آپؐ کی تعلیمات ایک مذہب کے ماننے والوں کے لئے نہیں ہے بلکہ یہ ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، ان خیالات کا اظہار تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ہفتہ کو صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی تصنیف "پیغمبر عالم” کے انگریزی ترجمہ Prophet for the World کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارا مذہب، زبان اور کلچر الگ الگ ہو سکتا ہے۔ ہماری مقدس کتابیں قرآن، بائیبل اور گیتا الگ الگ ہو سکتی ہیں لیکن ان سب کتابوں کا مقصد امن و شانتی، آپسی بھائی چارہ، ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہے لیکن بعض لوگ سماج میں زہر پھیلا کر آپس میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم سب کو متحدہ طور پر اس زہر کو سماج میں پھیلنے سے روکنا ہے۔
موجودہ حالات میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی تصنیف کا مقصد یہی ہے کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور آپؐ کی سیرت سے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کے تمام انسانوں کو واقف کروانے کے لئے یہ ایک بہترین اقدام ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا تعلق ہماری ریاست تلنگانہ اور حیدر آباد سے ہے۔
صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی ایم پی کی دانشمندانہ اور بے باک قیادت کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اسدالدین اویسی ہمیشہ غریبوں، دلتوں اور آدی واسیوں کے مسائل کو پوری طاقت کے ساتھ زیر بحث لاتے ہیں۔ بعض مرتبہ وہ کانگریس کے خلاف بھی آواز اٹھاتے ہیں لیکن ہم اس کا برا نہیں مانتے کیوں وہ ہمارے بھائی ہیں کوئی دشمن نہیں ہیں۔ ہم میں سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں اور جب انتخابات ختم ہو جاتے ہیں تو ہم سب اپنے شہر اور ریاست کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ طور پر جدوجہد کرتے ہیں۔ چنانچہ شہر کی ترقی بالخصوص موسیٰ ندی کی ترقی کے لئے صدر مجلس کی جانب سے تجاویز پیش کرنے پر ہم غور و فکر کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکار چلانے میں ہم سے بھی بعض غلطیاں سرزد ہوجاتی ہیں لیکن ان غلطیوں کو سدھارنے کے لئے ایک مضبوط اپوزیشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں اب وہ طاقتور قائدین نہیں رہے جو لوک سبھا میں مسائل پر آواز بلند کرتے تھے جن میں جے پال ریڈی بھی ایک قائد تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کو بچانے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ عوام نے چندرا بابو نائیڈو کو دو مرتبہ، راج شیکھر ریڈی کو دو مرتبہ اور کے سی آر کو دو مرتبہ اقتدار سونپا۔ ہماری یہ کوشش ہے کہ آئندہ دس سال تک ریاست میں ہماری حکومت باقی رہے اور غریب عوام کی فلاح وبہبود، ترقی، خوشحالی کے لئے کام کرتے رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نے بہت سے جلسوں میں شرکت کی ہے لیکن اس جلسہ میں شرکت کا موقع پہلی بار حاصل ہوا جس میں اسکالر و دانشور حضرات شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ انہیں اس مبارک کتاب کی رسم اجرا کے جلسہ میں شرکت اور خطاب کرنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام غریب لوگوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست میں اچھے دن آئیں اور ہم سب امن و شانتی کے ساتھ زندگی گذاریں۔
المعہد العالی الاسلامی حیدر آباد کے بانی و ناظم مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ پر تصنیف کردہ اپنی کتاب پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس کا مقصد حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات اور آپؐ کی سیرت مبارکہ سے دنیا کے تمام انسانوں کو واقف کروانا ہے۔ بعض لوگ غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوش کر رہے ہیں۔ آپؐ نے نہ صرف انسانوں کے لئے بلکہ جانوروں اور پودوں کے ساتھ بھی بہتر سلوک کا درس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیگر مذاھب کی کتابوں کا بھی احترام کرتے ہیں لیکن آپؐ نے جو اپنی حیات طیبہ سے راستہ دکھایا وہ دنیا کے تمام انسانوں اور تمام مذاھب کے ماننے والوں کے لئے ایک بہترین نمونہ ہے۔ اس موقع پر پروفیسر صدیقی (مانو) نے اس کتاب کے اہم اقتباسات پیش کئے۔
ابتداء میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے وزیر اعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو شال اور مومنٹوز پیش کیا ۔ تقریب میں صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی، مشیر حکومت تلنگانہ محمد علی شبیر، محمد فہیم قریشی صدر ٹمریز تلنگانہ، مولانا اکبر نظام الدین اور علماء کرام و دانشورانِ ملت، سیاسی قائدین اور دینی وعلمی اداروں کے اساتذہ وطلباء کی کثیر تعداد شریک تھی۔
نظامت کے فرائض مولانا مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی نائب ناظم المعہد العالی الاسلامی نے انجام دیے۔
Comments are closed.