پیغمبرسب کیلئے مہم کے تحت اسلام جمخانہ میں غیر مسلم شعراء کا نعتیہ مشاعرہ

ممبئی: حضور صلی اللہ علیہ وسلم سب کیلئے مہم کے تحت اُردو کارواں کے زیرِ نگرانی اسلام جمخانہ میں برادرانِ وطن شعرائے کرام کا نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ سابق رکن اسمبلی جناب یوسف ابراہانی کی سرپرستی میں اس مشاعرہ کی صدارت ہندی اور اُردو کے معروف شاعر پنڈت ڈاکٹر ساگر ترپاٹھی نے کی۔ مشاعرے کی ابتدا میں فرید احمد خان (صدر اردو کارواں) نے تمام مہمانان کا استقبال کیا اور غیر مسلم شعرا کے نعتیہ مشاعرے کی نوعیت اور مقصد پر اظہار خیال کیا، پھر ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے دوران خطاب” حضور(صلعم) سب کے لیے مہم” کے بنیادی مقصد اور نتائج کے تحت رہنمائی فرمائی. مہمان خاص جناب سنیل کڑاسنے(سابق ایس پی آف مہاراشٹر پولیس بلڈانہ) نےاردو دوستی اور پیغمبر اسلام سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے قرآن کریم کی نہ صرف کئی آیتوں کی تلاوت فرمائی بلکہ ان کی وضاحت بھی کی- انھوں نے اس بات پر بھی فخریہ کلمات کے ساتھ خوشی اوریکجہتی کا اظہار کیا کہ مسلمان دنیا کی سب سے خوش قسمت قوم ہے جسے ایسا رسول اور ایسا دین ملا۔ پھر ناظمین مشاعرہ محسن ساحل اور شیعب ابجی نے مشاعرے کا آغاز کیا – ابتدا میں مشہور زمانہ نغمہ سرا انشکا نکم اور شبانہ شیخ نے اپنی بے مثال آواز میں نعتیں پیش کیں – نعتیہ مشاعرے میں مہمان شعرائے کرام جناب گنیش گائیکواڑ المتخلص بہ آغاز بلڈھانوی، ادھومہاجن بسمل، اننت نندورکر خلش، ڈاکٹر لکشمن شرما واحد، الکاجین شرر، مادھو بروے نور ،حکم چند کوٹھاری نے اپنے نعتیہ کلام سے مشاعرے کو منور کردیا – بعد از شعراء صدر مشاعرہ جناب پنڈت ساگر ترپاٹھی نے اپنے نایاب کلام اور بے مثال کلمات سے مشاعرے کو کامیابی کی سند عطا کردی – گزشتہ دو برسوں کی طرح مشاعرہ امسال بھی نہایت شاندار رہا۔
مشاعرے کے اغاز میں آر سی ڈی ایڈ کالج آف ایجوکیشن امام باڑا کی طالبات نے گروپ نعت اور حمد پیش کیں۔ان کی پرنسپل سائرہ خان کے ہمراہ طالبات کی پذیرائی اور تہنیت کی گئی۔
مشاعرے کی کامیابی میں حضور صلعم سب کے لیے مہم کی کور کمیٹی کے ارکان جناب ڈاکٹر قاسم امام، جناب سعید خان، جناب عامر ادریسی، جناب فاروق سید اور پرنسپل زیبا ملک،عابد احمد، نظام الدین را عین ،علی بھجانی اور دیگر احباب نے بے لوث خدمات انجام دیں-
اسلام جم خانہ کے کھچا کھچ بھرے سیلیبریشن ہال میں ممبئی و اطراف و اکناف کے محبان اردو اور عاشقان رسول صلعم بڑی تعداد میں موجود تھے. خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی ساتھ ٣٠ بالغ نابینا طلبہ بھی موجود تھے. یوں تو گزشتہ دو سالوں سے پرافٹ فار آل مہم کے تحت بے شمار پروگرام ہوتے رہے ہیں مگر جس پروگرام کا سبھی کو بے تابی سے انتظار رہتا ہے، وہ یہی غیر مسلم شعرائے کرام کا نعتیہ مشاعرہ ہوتا ہے جو ہمیشہ بڑی کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہے۔
Comments are closed.