مسلح یہودی بلوائیوں کا فلسطینی ا سکول پر دھاوا،کئی فلسطینی زخمی اور اغوا

بصیرت نیوزڈیسک
مسلح یہودی آباد کاروں نے سوموار کے روز مقبوضہ فلسطین کے شہر اریحا کے شمال مغرب میں واقع عرب الکعابنہ سکول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سات فلسطینی زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
یہودی آباد کاروں نے سکول کے کئی طلبا اور اساتذہ کو گن پوائنٹ پر اغوا کرلیا۔ بندوقوں سے لیس آباد کاروں نے المعرجات کے علاقے میں عرب کعابنہ سکول پر حملہ کرنے کے بعد سکول کے طلباء اور تدریسی عملے پر حملہ کیا۔
انہوں نے سکول پر دھاوا بول دیا اور طلباء اور اساتذہ کو زبردستی حراست میں لینے سے پہلے مارا پیٹا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ آباد کاروں نے طلباء اور اساتذہ پر حملہ کرنے کے بعد قابض فوج اس مقام پر پہنچی اور سکول کے پرنسپل اور ایک طالب علم کے اہل خانہ کو حراست میں لے لیا۔
 ہلال احمر نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ اس کے عملے نے سات زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔ان میں چار خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں۔ بدوی عرب آبادی کے حقوق کا دفاع کرنے والی تنظیم "البیدر” کے جنرل سپروائزر حسن ملیحات نے کہا کہ آباد کاروں نے طلباء اور اساتذہ پر حملہ کیا، انہیں سکول میں حراست میں لیا۔
ا سکول کے پرنسپل کو باندھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول کا محاصرہ کیا اور وہاں موجود طلبا پر تشدد کیا۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی اور مقامی انسانی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ عرب الملیحات کے علاقے الکعابنہ سکول میں پیش آنے والی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مداخلت کریں کیونکہ صورتحال خطرے کی غیرمعمولی سطح پر پہنچ چکی ہے۔

Comments are closed.