شاہ تقی الدین فردوسی ندوی کا انتقال علمی دنیا کا بڑا خسارہ: مولانا انیس الرحمن قاسمی

پٹنہ(پریس ریلیز) معروف عالم دین صاحب نسبت بزرگ دار العلوم ندوۃ العلماء کے ممتاز فاضل اور رکن شوریٰ متعدد علمی اور تحقیقی کتابوں کے مصنف حضرت مولانا سید شاہ تقی الدین ندوی فردوسی موجودہ عہد کے ان صاحب نسبت بزرگوں میں سے تھے جن کے دیدار سےہی دل کو سکون میسر ہو تا تھا، مولانا بڑے صاحب علم اور کتابوں کے گرویدہ تھے ، ان علمی اور تحقیقی کاموں سے بڑی انسیت تھی ، وہ نہ صرف اس میدان کے آبلہ پا مسافر تھے بلکہ نوجوان نسل کے علمی مربی بھی تھے ۔اس حقیر کی جب بھی کوئی علمی چیز منظرعام پر آئی شاہ صاحب نے حوصلہ افزائی فرمائی اور قدر کی نگاہ سے دیکھا ، وہ علماء کو لکھنے کی طرف راغب کیا کرتے اور علم کے سلسلہ میں قناعت پسندی کے قائل نہیں تھے ۔انہیں منیر شریف کے بزرگوں سے نسبت حاصل تھی ، وہ خانقاہ فردوسیہ منیر شریف کے سابق سجادہ نشین شاہ عنایت اللہ فردوسی رحمہ اللہ کے حقیقی بھائی تھے وہ خود بھی بڑے عالی نسبت بزرگ تھے ،لیکن راہ سلوک سے زیادہ ان کی توجہ علم و ادب کی ترویج و اشاعت میں رہی ۔ ایک مدت تک دیار عرب کے علمی خوشہ چینوں کو اپنے علم سے سیراب کرتے رہے ، پھر وطن لوٹ آئے اور اپنی مسنددرس یہیں بچھا دی اور خلق خدا کی علمی تشنگی بجھانے میں اپنی زندگی صرف کرنے لگے۔ لیکن موت وہ حقیقت ہے جس سے چھٹکارہ کسی کو نہیں ہے ، شاہ تقی الدین ندوی بھی اپنی عمر طبعی گزار کر 19 ستمبر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کا انتقال واقعتاً علمی دنیا کا بڑا خسارہ ہے ، جس کی کسک مدتوں علم کے پیاسوں کو محسوس ہو تی رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی نے ان کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام کے دوران کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے انتقال سے ملت ایک صاحب فکر، صاحب بصیرت اور صاحب کردار عالم دین سے محروم ہو گئی۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا تقی الدین فردوسی ندوی کی مغفرت فرمائے اور انہیں فردوس بریں میں جگہ دے اور ان کے وارثین پسماندگان اور تمام متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین ۔
آل انڈیا ملی کونسل بہار کے تمام ذمہ داران بشمول حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عالم صاحب قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، جناب مولانا محمد ابو الکلام شمسی جوائنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار ، جناب مولانامفتی نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار، جناب نجم الحسن نجمی رکن عاملہ ملی کونسل ، مولانا محمد عادل فریدی قاسمی سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل بہار نے بھی ان کے انتقال پراہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور بلندی درجات اور پسماندگان کے حق میں صبر و ثبات کی دعا کی ۔

Comments are closed.