ملک میں اسپتالوں تک دوائیں پہنچانے میں بہاراول مقام پر : منگل پانڈے

جالے میں 6 کروڑ 15 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا ہیلتھ منسٹر نے کیا افتتاح،1 سال کے اندر صحت کے شعبے میں 46 ہزار نئے عہدوں پر تقرری کا اعلان
جالے (محمد رفیع ساگر /بی این ایس) جب کوئی شخص کسی چیز کی بنیاد رکھتا ہے اور وہ ایک محل کی طرح تیار ہو جاتا ہے، تو یہ دیکھ کر اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں رہتا۔ جالے میں 6 کروڑ 15 لاکھ روپے کی رقم سے بنے 30 بستروں والے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی عمارت کو دیکھ کر میری بھی ایسی ہی حالت ہے۔ میں آج بہت خوش اور پُرجوش ہوں۔ مجھے یہ دیکھ کر اطمینان ہے کہ ایک عزم نے عوام کی خدمت کا دروازہ کھول دیا ہے۔ یہ باتیں پیر کے روز جالے ریفرل اسپتال کے احاطے میں واقع کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی عمارت کے افتتاحی تقریب کے دوران ریاست کے صحت اور زراعت کے وزیر منگل پانڈے نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر منگل پانڈے نے کہا کہ آزادی کے تقریباً 75 سال بعد بہار نے اسپتالوں تک دوائیں پہنچانے میں ملک میں نمبر ایک کا مقام حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2005 تک بہار میں صحت کی خدمات کا کوئی خاطر خواہ نظام نہیں تھا، مگر جب نییتش کمار کی قیادت میں این ڈی اے حکومت بنی، تو صحت کے نظام میں بہتری لانے کی کوششیں شروع ہوئیں، جو آج بہار کے ہر کونے میں نظر آ رہی ہیں۔
انہوں نے مقامی لوگوں سے تاخیر پر معذرت بھی کی اور دربھنگہ کے چیف میڈیکل آفیسیر ارون کمار کو اسپتال کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کی بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔
مزید یہ کہ انہوں نے اعلان کیا کہ 2017 سے 2022 کے درمیان صحت کے شعبے میں 38 ہزار صحت کارکنوں کی بھرتی کی گئی، جن میں 18 ہزار نرسیں، 9 ہزار ڈاکٹر اور دیگر صحت کے عملے شامل ہیں۔
وزیر صحت نے اعلان کیا کہ ایک سال کے اندر محکمہ صحت میں 46 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے لوگوں کو آیوشمان بھارت کے چھ سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور وزیر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیر نے کہا کہ انہیں دوبارہ صحت کے وزیر کا عہدہ ملنے کے بعد، وزیر اعلیٰ نییتش کمار کے عزم کے تحت صحت کے شعبے کی جانب سے "چیف منسٹر جن آروگیا یوجنا” شروع کی گئی ہے، جس کے تحت اب بہار کے غریب لوگوں کو ملک کے کسی بھی اسپتال میں 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج مل سکے گا۔ انہوں نے سنگھواڑہ کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی جلد بہتری کا بھی وعدہ کیا۔
افتتاحی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور سابق وزیر جیویش کمار نے ریفرل اسپتال کے احاطے کی دیوار اور نرسوں اور ڈاکٹروں کے لیے رہائش کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ اس سے پہلے، وزیر نے ربن کاٹ کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کی عمارت کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے رکن پارلیمنٹ دھرمشیلا گپتا، رکن اسمبلی سنجے شراؤگی، رکن اسمبلی جیویش کمار، جے ڈی یو کے ضلع صدر گوپال منڈل، وغیرہ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے دگ وجے نرائن سنگھ، وجے چودھری، ارون کمار شریواستو، وپین پٹھک، جے ڈی یو کے اطہر امام بیگ، ولی امام بیگ چمچم وغیرہ بھی موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت انجنی نشاد نے کی۔
Comments are closed.