تامل ناڈو:آئی فون کے پلانٹ میں آگ لگنے سے پروڈکشن رک گئی

نئی دہلی(ایجنسی)جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ٹاٹا الیکٹرانکس کے ایپل آئی فون بنانے والے ایک بڑے پلانٹ میں آگ لگنے سے ہفتہ کے روز پیداوار روک دی گئی۔ روئٹرز نے یہ بات اس صورتحال سے آگاہی رکھنے والے دو افراد کے حوالے سے بتائی ہے۔
ٹاٹا الیکٹرانکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے اور وہ اپنے ملازمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
ٹاٹا الیکٹرانکس کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ”تامل ناڈو کے شہر ہوسور میں ہمارے پلانٹ میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پلانٹ میں ہمارے ہنگامی پروٹوکول نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہمارے تمام ملازمین محفوظ ہیں۔‘‘
واقعے کے بارے میں براہ راست آگاہی رکھنے والے ایک شخص نے اس آگ کو ‘کیمیکل سے متعلق‘قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری کے ایک حصے میں آگ لگنے کی وجہ سے پیداوار روک دی گئی اور ملازمین کو دن بھر کے لیے گھر بھیج دیا گیا۔
فائر سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے پلانٹ کی ایک عمارت منہدم ہوگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ آگ پر قابو پانے میں وقت لگے گا، جو کیمیکل ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے حصے میں صبح شروع ہوئی تھی۔
اس علاقے کے سینئر انڈسٹریل سیفٹی افسر جے سروانن نے کہا کہ حکام آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں: ” ہم اب اندر نہیں جا سکتے کیوں کہ داخلی راستہ آگ سے تباہ ہو چکا ہے۔‘‘
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق 10 سے زائد فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں موقع پر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
Comments are closed.