مسلم پرسنل لابورڈکے زیراہتمام 6 اکتوبرکی تحفظ اوقاف کانفرنس کی تیاری جاری

مولاناخالدسیف اللہ رحمانی کے زیرصدارت رانچی اجلاس میں اکابرین علماودانشوران کی شرکت ہوگی
رانچی: 2اکتوبر
آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈکے زیراہتمام حج بھون،رانچی میں چھ اکتوبرکوتحفظ اوقاف کانفرنس منعقدہورہی ہے،فقیہ العصرمولاناخالدسیف اللہ رحمانی،صدرمسلم پرسنل لا بورڈ جس کی صدارت فرمائیں گے،مولانافضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری مسلم پرسنل لابورڈمہمان خصوصی ہوں گے۔ڈاکٹرقاسم رسول الیاس ترجما ن بورڈ، مولانا محمد ابوطالب رحمانی رکن بورڈ،ٹرسٹی امارت شرعیہ پٹنہ وچیئرمین مولاناابوالکلام آزاد سنٹر ودیگراکابرین اورارکان بورڈکی بھی شرکت ہوگی۔اس سلسلے میں جنرل سکریٹری محترم کی اپیل بھی جاری ہوچکی ہے جس میں چھ اکتوبرکے اجلاس کوکامیاب بنانے کی گزارش کی گئی ہے۔مسلم پرسنل لابورڈکی کو ر کمیٹی میں منظورشدہ تجویزکے مطابق جناب مولانامحمدابوطالب رحمانی کوبنگال اورمولاناڈاکٹریاسین قاسمی کوجھارکھنڈکی تحفظ اوقاف مہم کی ذمہ داری دی گئی ہے،جس کے تحت ڈاکٹریاسین قاسمی نے وزیراعلیٰ جھارکھنڈہیمنت سورین سے بھی ملاقات کی ہے اوران کی پارٹی سے درخواست کی ہے کہ ہرحال میں وقف ترمیمی بل کومنظورنہ ہونے دیں،بورڈکی تجویزکے مطابق کولکاتہ کانفرنس کے موقع پردس ستمبرکوہی رانچی میں بورڈکے اکابرین کی موجودگی میں،مسلم پرسنل لابورڈکے زیراہتمام تحفظ اوقا ف کانفرنس کااعلان کیاگیاہے۔اس سلسلے میں مجلس استقبالیہ تیاریوں میں سرگرم ہے جس کی سرپرستی استاذالعلمااورمشہورعالم دین مولانامفتی نذرتوحیدمظاہری رکن مسلم پرسنل لابورڈفرمارہے ہیں۔واضح ہوکہ آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈمختلف ریاستوں میں تحفظ اوقاف کی تحریک چلارہاہے جس کے تحت دس ستمبرکوکولکاتہ میں اہم کانفرنس منعقدہوئی اورپانچ اکتوبرکوممبئی میں جناب مولانامحموددریاآبادی کی کنوینرشپ میں ایک اہم کانفرنس منعقدہورہی ہے،اسی سلسلے کی ایک اہم کانفرنس رانچی میں چھ اکتوبرکواکابرین بورڈکے فیصلے کے مطابق رکھی گئی ہے۔
جناب مولاناڈاکٹریٰسین قاسمی کنوینرتحفظ اوقاف کانفرنس نے تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ یہ کانفرنس حج بھون رانچی میں رکھی گئی ہے تاہم مہمانوں کی کثیرتعدادکے پیش نظرآس پاس کے علاقوں اور مختلف ہال کابھی انتظام کیا گیا ہے۔تین ہزارمہمانوں کواب تک دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔ مہمانوں کے قیام وطعام کانظم اوردیگرانتظام وانصرام کے امورجاری ہیں اورمجلس استقبالیہ کے سبھی اراکین پوری مستعدی کے ساتھ کانفرنس کی تیاریوں اورمہمانوں کی سہولیات کے لئے پرجوش ہوکرمحنت کررہے ہیں،اللہ تعالیٰ ان کی محنت قبول فرمائے۔آمین۔مولاناڈاکٹریٰسین قاسمی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ اس اجلاس میں اکابرین بورڈکے علاوہ دیگرعلمااوردانشوران تشریف لائیں گے جوہمارے لئے شرف کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ بورڈکایہ اجلاس تاریخی اہمیت کاحامل ہوگااورایک مضبوط پیغام جائے گاکہ سیکولرپارٹیوں سمیت این ڈی اے کی حلیف جماعتوں کوبھی وقف ترمیمی بل کے خلاف مضبوط آوازبلندکرنی ہوگی۔چنانچہ مسلم پرسنل لابورڈکی ہدایت کے مطابق ہم لوگوں نے چراغ پاسوان سے بھی ملاقات کی جن کی پارٹی کی این ڈی اے حکومت میں اہم حصہ داری ہے۔چراغ پاسوان نے یقین دلایاکہ وہ اس مسئلے پرمسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ان شاء اللہ اس کانفرنس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ہم سبھی اس کی کامیابی کے لئے دعاکریں اورزیادہ سے زیادہ تعدادمیں کانفرنس میں شرکت کریں۔
Comments are closed.