انجمن اسلامیہ ہال پٹنہ میں پروفیسر مولانا شکیل قاسمی کا خطاب

پٹنہ(پریس ریلیز)آج سماج نئے نئے مسائل سے دو چار ہے، زندگی سکون سے خالی ہے، لوگ کئی طرح کی دشواریوں میں مبتلا ہیں، ہر انسان کرب، بے چینی اور اضطراب محسوس کر رہا ہے۔ اسے ایسے ضابطہ حیات کی تلاش ہے جو اس کی زندگی کو پر سکون بنا دے، اس کی ٹینشن کو دور کر دے، اسے راحت کی سانس لینے کا موقع میسر آ جائے۔ ایسے حالات میں محسن انسانیت کی تعلیمات سے سماجی مسائل کا حل یقینی طور پر سامنے آئے گا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ موثر انداز میں پوری منصوبہ بندی کے ساتھ سیرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور تعلیمات رسولؐ کو ہم پیش کریں، یقیناً اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ فاران فاؤنڈیشن انڈیا کے چیرمین پروفیسر ڈاکٹر مولانا شکیل احمد قاسمی نے گذشتہ روز انجمن اسلامیہ ہال پٹنہ میں بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے زیر اہتمام عظیم الشان جلسہ سیرت النبی سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ سیرت کے معلوماتی اور مفید اجتماعات کا اہتمام کیا جائے، برادران وطن کو محسن انسانیت کی سماجی تعلیمات سے واقف کرایا جائے، سیرت کے مختلف موضوعات پر اچھے انداز میں مذاکرے کا اہتمام کیا جائے، برادران وطن کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کے ساتھ حقیقت اور سچائی سے انہیں واقف کرایا جائے۔ نوجوان ہاسپٹل میں جا کر مسلمان اور غیر مسلم مریضوں سے ملاقات کرے اور ان کی خدمت میں پھل پیش کرتے ہوئے یہ بتائے کہ رسول رحمت نے ہمیں سارے طبقے کے بیماروں کی عیادت اور بزرگوں کے احترام کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کی کوششوں سے غلط فہمیوں کا بادل چھٹے گا اور روشنی پھیلے گی۔
Comments are closed.