شعبئہ تعلیمِ نسواں، مانو کے زیرِ اہتمام دو روزہ قومی کانفرنس و محفلِ شعر وسخن

حیدرآباد، 23 اکتوبر (پریس نوٹ) شعبۂ تعلیمِ نسواں، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے زیرِ اہتمام دوروزہ قومی کانفرنس ومحفلِ شعر وادب بہ عنوان ” اکیسویں صدی کا سماجی ، تہذیبی وصنفی تناظر اور اردو کا نسائی ادب “ بہ اشتراک ” بین الاقوامی نسائی ادبی تنظیم(بنات، دہلی)“ 30 اور 31 اکتوبر 2024 منعقد ہورہی ہے۔ پروفیسر آمنہ تحسین، صدر شعبہ و کنوینر کانفرنس کے مطابق یہ کانفرنس بنات کے آٹھویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد ہورہی ہے۔یہ ایک تاریخ سازکانفرنس ہے، جس میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں جیسے دہلی، جموں وکشمیر، مدھیہ پردیش،اترپردیش، راجستھان، اڈیشہ ،پنجاب، بہار،مغربی بنگال، کرناٹک، مہارشٹرا، گوااور تلنگانہ کے مختلف شہروں سے 50 سے زائد اردو فکشن نگار، نثر نگار وشاعرات ،محقق ونقاد اور مدیرہ وخاتون صحافی حصّہ لے رہی ہیں۔ اس کانفرنس میں خواتین قلم کاروں کی جانب سے مختلف سیشنس میں منتخبہ موضوع پر مقالات کے ساتھ ساتھ تخلیقات بھی پیش کی جائیں گی۔
کانفرنس کے پہلے(30-10-2024) دن تمام اجلاس صبح 10:30 بجے تا شام 6 بجے تک، ڈی ڈی ای آڈیٹوریم، مانو کیمپس گچّی باولی میں منعقد ہوں گے ۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن، عزت مآب وائس چانسلر، مانو کریں گے جبکہ محترمہ شیخ یاسمین باشا، آئی اے ایس، ڈائرکٹر مائناریٹی ویلفیئر، گورنمنٹ آف تلنگانہ، مہمانِ خصوصی ہوں گی۔ پروفیسر اسلم جمشید پوری، صدر شعبۂ اردو، چودھری چرن سنگھ یو نیورسٹی (میرٹھ) اور ڈاکٹر نگار عظیم، صدر، بنات (دہلی)“ مہمانانِ اعزازی کے طور پر شریک رہیں گے۔ پروفیسر ثروت خان، وزیٹنگ پروفیسر، جناردھن رائے ناگر ودیاپیٹھ، اودئے پور، راجستھان، کلیدی خطبہ پیش کریں گی۔ کانفرنس کے دوسرے دن(31-10-2024) کا اجلاس، 10:30 بجے صبح تا شام 4 بجے بمقام اردو ہال حمایت نگر منعقد ہوگا۔ جبکہ رات 8 بجے، حبیب تنویر اوپن ایئر آڈیٹوریم، مانو کیمپس میں” محفلِ شعر و سخن“ منعقد ہوگی، جس میں مدعو شاعرات اپنا کلام پیش کریں گی۔ اردوکے باذوق سامعین سے شرکت کی درخواست ہے۔
Comments are closed.