تحفظ اوقاف کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں، کثیر تعداد میں عوام کی شرکت متوقع مدرسہ جامع العلوم میں ذمہ داران و اساتذہ کی میٹنگ میں ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔

 

 

کانپور: شہر کی قدیمی دینی درسگاہ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے زیر اہتمام عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ شہر کے علمائے کرام اور دانشوران اوقاف کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کوششوں میں ہر طرح حصہ لے رہے ہیں، کانفرنس میں کثیر تعداد میں عوام و خواص کی شرکت متوقع ہے۔ مدرسہ جامع العلوم میں کانفرنس کے سلسلہ اساتذہ کرام اور ذمہ داران کی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں صفائی، اسٹیج،پنڈال، پانی، بجلی، مہمانوں کے آمدو رفت سمیت دیگر ذمہ داریاں تقسیم کی گئیں۔ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے مہتمم ومتولی محی الدین خسرو تاج نے میٹنگ میں موجو دحاضرین سے کہاکہ دی گئیں ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیں۔ پروگرام کے دوران نظم و نسق کو بنائے رکھنا اور کارآمد بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدرسہ جامع العلوم سابقہ میں بہت سی ملک گیر تحریکوں کا بانی رہا ہے،اس کی اپنی ایک سنہری تاریخ ہے۔ آج پھر ملک میں جب بات ہمارے بڑے، بزرگوں کے ذریعہ صدقہ جاریہ کی جانے والی اوقاف پر آئی ہے تب بھی مدرسہ کے ذمہ داران اکابرین کی رہنمائی میں اوقاف کے تحفظ کیلئے ہر محاذ پر جدوجہدکیلئے تیار ہیں،مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف حصوں میں تحفظ اوقاف کانفرنس منعقد ہو رہیں، کانپور و اطراف کانپور کے عوام میں اوقاف کے تحفظ اور وقف ترمیمی بل 2024کی سنگینیوں سے واقف کراکر بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایک اہم کانفرنس بورڈ کے ذمہ داران کی جانب سے آپ کے مدرسہ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے سپرد کی گئی ہے۔ کانفرنس کی صدارت مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی فرمائیں گے۔ بطور مہمان بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظر عام مولانا جعفر مسعود حسنی ندوی، جامعہ عربیہ ہتھورا باندہ کے ناظم مولانا سید حبیب احمد باندوی اور بورڈ کی مجلس عاملہ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی محلّی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود تمام ذمہ داران سے کہا کہ آپ سبھی حضرات اپنے آپ کو تحفظ اوقاف کی اس عظیم تحریک کا حصہ سمجھیں، کانفرنس کے تعلق سے سپرد کی گئیں ذمہ داریوں کو بحسن وخوبی انجام دیں اور عوام سے مع احباب کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کریں۔ میٹنگ میں مدرسہ جامع العلوم کے تمام اساتذہ کرام و مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران موجود رہے۔

Comments are closed.