مدرسہ جامع العلوم پٹکاپور کانپور میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام ”تحفظِ اوقاف کانفرنس“ آج

کانپور: 25؍ اکتوبر 2024ء (پریس ریلیز) شہر میں واقع ملک کی عظیم،قدیم دینی تربیتی درسگاہ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور میں آج بتاریخ 25/اکتوبر 2024ء بروز جمعہ، بعد نماز مغرب تا عشاء مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام تحفظ اوقاف کانفرنس منعقد ہو رہی ہے،جس میں شرکت کیلئے خاص طور پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اعلیٰ قیادت آج شہر کانپور تشریف لا رہی ہے۔ مدرسہ کے مہتمم و متولی محی الدین خسرو تاج نے کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وقف کی زمینیں کوئی عوامی جائیداد نہیں ہیں بلکہ پرائیویٹ پراپرٹی ہیں، جن کے مالک مسلمان تھے اور اُنھوں نے ان جائیداوں کو اپنی ملکیت سے نکال کر اللہ کی ملکیت میں دے دیا تھا تاکہ ان کی آمدنی سے بھلائی اور خیر کے کام ہوتے رہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ وقف کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے لئے یہ وقف ترمیمی 2024ء کاقانون لایا جارہا ہے، یہ ہمارے لئے قطعا ناقابل قبول ہے، مسلمان اس مجوزہ بل میں ترمیم کے بجائے اس پورے بل کو ہی مسترد کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس وقف ترمیمی بل 2024 کو فورا واپس لے، ورنہ مسلمان دستور میں دیے گئے حقوق کے مطابق آخر دم تک اس بل کے خلاف جدوجہد کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ کانپور و اطراف کے اضلاع میں اوقاف کے تحفظ اور وقف ترمیمی بل 2024ء کی سنگینیوں سے واقف کرانے کے لئے مدرسہ جامع العلوم میں تحفظ اوقاف کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کی تیاریوں سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ مدرسہ جامع العلوم میں تاریخ ساز عظیم الشان تحفظ اوقاف کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، شہر کے عوام وخواص اور اطراف سے آنے والے علمائے کرام، دانشوران و ذمہ داران کا استقبال کرنے کوتیار ہے۔ شہر کے تمام ذمہ داران تک منجانب مدرسہ دعوت نامے ارسال کئے جا چکے ہیں، بڑی تعداد میں عوام و خواص کے کانفرنس میں شرکت کی اطلاع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور میں ہونے والی تحفظ کانفرنس کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی فرمائیں گے۔ کانفرنس میں بطور مہمان بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظر عام مولانا سید جعفر مسعود حسنی ندوی، جامعہ عربیہ ہتھورا باندہ کے ناظم مولانا سید حبیب احمد باندوی اور بورڈ کے رکن عاملہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی تشریف لا رہے ہیں۔نظامت کے فرائض مفتی محمد معاذ قاسمی انجام دیں گے، قاری انعام الحق فریدی تلاوت قرآن پاک سے کانفرنس کا آغاز فرمائیں گے۔

Comments are closed.