جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے زیرِ اہتمام صوبہ کے مثالی اضلاع کے ذمہ داران کی میٹنگ کا انعقاد
بھوپال۔ 26اکتوبر 2024ء۔ جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے زیرِ اہتمام صوبہ مدھیہ پردیش کے مثالی اضلاع کی ایک میٹنگ کا انعقاد جمعیۃ علماء کے صوبائی دفتر میں صدر حاجی محمد ہارون کی صدارت میں منعقد ہوا۔ میٹنگ کا آغاز مولانا محمد انصار کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اِس کے بعد جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے جنرل سکریٹری محمد کلیم ایڈوکیٹ نے میٹنگ کی غرض و غایت بیان کی اور میٹنگ میں شرکاء حضرات کے روبرو میٹنگ کا مقصد بیان کیا۔ اِس موقع پر صوبائی صدر حاجی محمد ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک سوسالہ قدیم تنظیم ہے، جس کی ایک سنہری تاریخ ہے اور جمعیۃ علماء ہند کا ایک خاص موقف ہے۔ جمعیۃ علماء ہند ملک میں ہر طرح کی فرقہ پرستی کی مخالف رہی ہے۔ فرقہ پرستی کسی بھی جانب سے ہو، جمعیۃ علماء نے ہمیشہ ہی اِس کی مخالفت کی ہے اور جمعیۃ علماء کے کارکنان کو جمعیۃ کے اِس موقف پر ڈٹ کر رہنا چاہئے۔ اِسی کے ساتھ اُنھوں نے آگے کہا کہ ہمیں مرکز کی منشاء کے مطابق جماعت کو زمینی سطح سے لے کر اوپر تک مضبوط کرنے کا کام کرنا چاہئے، جس کے لیے جمعیۃ علماء کی اکائیوں کو محلہ وار، وارڈ وار زمینی سطح پر قائم کیا جائے اور لوگوں کو جمعیۃ علماء کا ممبر بنایا جائے اور ہمیں جمعیۃ علماء سے ہر مکتبِ فکر کے لوگوں کو جوڑنے کا کام بھی کرنا چاہئے،اور جمعیۃ علماء کے تعمیری پروگراموں کو زمینی سطح پر مضبوطی کے ساتھ متحرک کرنے کا کام کرنا چاہئے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہمیں اوقاف کی جائیدادوں کی بھی مضبوطی سے حفاظت کرنی ہوگی اور ہمیں وقف کی جائیددوں کی حفاظت کے لیے بہت ہی زیادہ بیدار اور متحرک ہونا ہوگا۔
آج کی اِس میٹنگ میں خاص طور پر یہ طے کیا گیا کہ ہر مثالی ضلع میں اور مدھیہ پردیش کے ہر ضلع میں تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے جہاں جہاں جمعیۃ کی اکائیاں قائم نہیں ہوئی ہیں وہاں انھیں جلد سے جلد قائم کیا جائے گا، جمعیۃ علماء ہند کے کیلنڈر کے مطابق جمعیۃ علماء کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا، ہر مثالی ضلع میں جمعیۃ علماء ہند کے تعمیری پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا ساتھ ہی وارڈ وار اور محلہ سطح پر زیادہ سے زیادہ منظم مکاتب کو قائم کیے جانے کی کوشش کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش کے ہر ضلع میں اوقاف کے تحفظ کے لیے اوقافِ تحفظ کمیٹیاں بنائی جائیں گی، جس میں اِس کام کے معاون ہر شعبے اور مختلف جماعتوں کے لوگوں کو بھی جوڑا جائے گا۔
آج کی اِس میٹنگ میں مثالی ضلعوں سے تشریف لائے ذمہ داران حضرات نے بھی اپنے اپنے اضلاع کے حالاتِ حاضرہ اور کارکردگی سے واقف کرایا اور سبھی نے جمعیۃ علماء کے تعمیری پروگراموں اور جمعیۃ علماء کو زمینی سطح پر اور زیادہ مضبوط کرنے کا عزم کیا۔
میٹنگ میں شرکاء حضرات میں حافظ شہریار چاند آشٹہ، سہیل مرزا آشٹہ، محمد حسین کراور ضلع سیہور، مولانا اسلام خان گنا، سید عاشق علی ندوی گنا، حافظ عبدالرحیم راگھوگڑھ، حافظ محمد شکیل راگھوگڑھ، عبدالرزاق شیخ دیواس، محمد شریف دیواس، حافظ اسماعیل بیگ بھوپال، مولانا اطہر ندوی بھوپال، مولانا محمد حنیف بھوپال، مفتی محمد صابر بھوپال، مجاہد محمدخاں بھوپال، مولانا رافع علی، مولانا انصار، محمد زبیر صاحبان شامل ہیں۔
حاجی محمد حنیف ایوبی نے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ میٹنگ کا اختتام مفتی محمد صابر کی دعاء پر ہوا۔
منجانب:
محمد کلیم ایڈوکیٹ
جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش
Comments are closed.