نئے حالات میں مرکز المعارف کا ایک اور انقلابی اقدام

ملک کا انقلابی اور اپنی نوعیت کا منفرد اداراہ "مرکز المعارف” فضلاءِ مدارس کو 30 سالوں سے معیاری انگریزی زبان کی تعلیم دینے کے شاندار اور کامیاب تجربے اور انقلاب آفریں نتائج کے بعد اب ایک اور انقلابی قدم اٹھانے جارہا ہے. اس نے موجودہ حالات کے تقاضوں کے تحت انگریزی میڈیم میں آن لائن مدرسہ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے. کل اور پرسوں دو روز (اتوار اور سوموار) اس سے متعلق دیوبند میں متعدد اہم اجلاس ہونگے اور سوموار کو بعد نمازِ مغرب آخری اجلاس میں حضرت مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دار العلوم دیوبند، حضرت مولانا بدر الدین اجمل قاسمی دامت برکاتہما اور دیگر اکابرِ دیوبند کے دستہائے مبارک سے انگریزی میڈیم آن لائن مدرسے کا اجراء عمل میں آئے گا ان شاء اللہ. واضح رہے کہ 30 سال قبل مرکز المعارف کے انگریزی تعلیم کے اجراء کا حتمی فیصلہ بھی اسی مرکزِ علم قصبہ دیوبند میں کیا گیا تھا اور اب انگریزی میں آن لائن مدرسہ کا اجراء بھی اسی مبارک سرزمین سے علماءِ دیوبند کی سرپرستی میں ہوگا.
اب دنیا میں نوجوان نسل کا ایک بڑا طبقہ جو بوجہ مجبوری مدارس میں تعلیم حاصل کرنے نہیں جاسکتا ہے مگر دین کا علم حاصل کرنا چاہتا ہے اور اپنی مجبوریوں کے باعث آن لائن پلیٹ فارم سے حاصل کرنا چاہتا ہے اس کے لئے ایسا معتبر ہلیٹ فارم ضروری محسوس کیا گیا جس میں معتبر اور اہلِ حق علماء کے ذریعہ انگریزی میں تیار کردہ نصاب کو ادارے کے ڈائریکٹر جناب مولانا برہان الدین قاسمی صاحب کی فعال قیادت میں علماء کی ایک بڑی ٹیم کے ذریعے پڑھایا جائے.
اللہ تعالی اس آن لائن ادارے کو ملت کے لئے نافع بنائے اور شرور وفتن سے محفوظ فرمائے، اس کے ذمہ داران کو، اس کی فکر کرنے اور مدد کرنے والے تمام حضرات کو جزائے خیر دے!
دیوبند کے اس دو روزہ پروگرام میں شرکت کے لئے مرکز المعارف اور اس کے طرز کے انگریزی اداروں کے فارغ علماء اور اس کی فکر سے ہم آہنگ فضلاء بڑی تعداد میں دیوبند پہنچ رہے ہیں. اللہ تعالی ان سب کے سفر کو آسان ومحفوظ بنائے، ان کی قربانیوں کو قبول کرے اور اجلاس کو کامیاب کرے!
محمد عبید اللہ قاسمی، دہلی
مورخہ 9 نومبر، 2024
Comments are closed.