جمعہ کا پرنور دن اور درود پاک سے عشق رسول کا اظہار

 

مفتی محمد عارف باللہ القاسمی

 

جمعہ کا دن رب کائنات کی جانب سے ایک عظیم تحفہ ہے، جسے اسلام نے ہفتے کے تمام دنوں میں سب سے زیادہ بلند مقام عطا کیا ہے، یہ وہ دن ہے جب رحمت کے دروازے کھل جاتے ہیں، دعاؤں کی قبولیت کا خاص وقت آتا ہے اور دلوں کو نور و برکت سے منور کرنے کے بے شمار مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ لیکن اس دن کی خاص عظمت اس وقت مزید دوبالا ہو جاتی ہے، جب عاشقانِ رسول ﷺ کی زبانیں *درود و سلام* کے نغمے گنگنانے لگتی ہیں، نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے:

” *تمہارے دنوں میں سب سے افضل جمعہ کا دن ہے، اس دن مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو؛ کیونکہ تمہارا درود میرے سامنے پیش کیا جاتا ہے* ۔”(سنن ابی داود)

کیا جمعہ کا دن ہو اور دل میں رسول اللہ ﷺ کی محبت کی لو نہ بھڑکے؟ کیا ممکن ہے کہ اس دن وہ عاشقِ رسول ﷺ ہو جس کا دل نبی پاک ﷺ کے نام پر دھڑکتا ہو اور وہ *درود* سے محروم رہے؟ ہرگز نہیں!

*درود پڑھنا* ایک عظیم مقبول عبادت تو ہے ہی یہ عشقِ محمدی ﷺ کا سب سے اعلیٰ اظہار بھی ہے، یہ وہ شعور ہے جو دل کے گہرے کونے سے اٹھتا ہے اور آسمانوں کی بلندیوں تک پہنچتا ہے، جب بھی عاشقِ رسول ﷺ جمعہ کے دن درود پڑھتا ہے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے دل کی دھڑکنیں درود کے ہر حرف میں گم ہو رہی ہوں، ہر درود کے ساتھ ایک محبت بھری صدا آسمان کی طرف جاتی ہے، جسے فرشتے اُٹھا کر نبی پاک ﷺ کے حضور پیش کرتے ہیں اور جب رسولِ کریم ﷺ پر یہ درود پیش کیا جاتا ہے تو وہ فرشتے اس عاشق کا نام محبوب رب العالمین کے سامنے ادا کرتے ہیں، اللہ اللہ کس قدر یہ رشک کی بات ہے ؟؟؟!!! اس سے بڑی کوئی سعادت کی بات اور کیا ہوسکتی ہے؟!!!

حقیقت یہ ہے کہ درود پاک کا اہتمام رحمت الہی کو کھنچنے والا مقبول عمل تو ہے ہی ساتھ *ایک عاشق امتی کی اپنے محبوب نبی سید الانبیاء سے قلبی ملاقات ہے اور بعد از خدا بزرگ ہستی سے سچی محبت کی گواہی ہے۔*

جمعہ کا دن ہمیں *درود پاک* کے ذریعے وہ موقع عطا کرتا ہے کہ ہم اپنے دل کی گہرائیوں سے رسولِ پاک ﷺ پر درود بھیج کر اس محبت کا اظہار کریں جسے الفاظ کبھی بیان نہیں کرسکتے، اس محبت میں ایک لطیف خوشبو ہے جو دل سے نکل کر روح تک کو معطر کر دیتی ہے۔

لہٰذا جب جمعہ کا دن آئے تو اپنے دل کو درود کی مالا سے سجائیے، اپنے لبوں کو محبت رسول ﷺ کے نغموں سے بھردیجئے اور اپنی روح کو اس نورانی عمل سے منور کر دیجئے کہ آپ کے دل کا ہر ذرہ عشقِ رسول ﷺ میں جھوم اُٹھے۔ صدق دل سے پڑھ لیجئے اور پڑھتے رہئے:

*اللَّهُمَّ صَلِّ علَى مُحَمَّدٍ وعلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كما صَلَّيْتَ علَى إبْرَاهِيمَ وعلَى آلِ إبْرَاهِيمَ؛ إنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ، اللَّهُمَّ بَارِكْ علَى مُحَمَّدٍ وعلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كما بَارَكْتَ علَى إبْرَاهِيمَ وعلَى آلِ إبْرَاهِيمَ؛ إنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ*

Comments are closed.